بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اگست میں پاکستان کا دورہ کریں گے

پاکستان کو حریت رہنماوں کی گرفتاری پر شدید تحفظات ہیں،پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیر کا معاملہ اٹھارہا ہے اور ہم کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہیں، ہندوستان کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدار استصواب رائے کرائے۔ترجمان پاکستانی دفترخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 جولائی 2016 11:20

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اگست میں پاکستان کا دورہ کریں گے

نئی دہلی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جولائی۔2016ء) بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ 3 اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے سارک کے وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ تین اگست کو اسلام آباد میں ہونے والے سارک کے وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق راج ناتھ سنگھ اپنے دورے میں دو طرفہ تعلقات پر پاکستانی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پٹھان کوٹ حملے کے بعد یہ کسی بھی بھارتی حکومتی رہنما کا پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا۔دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تننظیم (سارک) کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان آ رہے ہیں۔اس موقع پر ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو حریت رہنماوں کی گرفتاری پر شدید تحفظات ہیں اور انہیں جلد رہا کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیر کا معاملہ اٹھارہا ہے اور ہم کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی غیر جانبدار استصواب رائے کرائے۔

یاد رہے کہ نومبر 2005 میں ڈھاکا میں ہونے والے سارک ممالک کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ ہر سال سارک کے رکن ممالک کے وزراءداخلہ یا خارجہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کو مستحکم کرنا ہے۔اس حوالے سے پہلا اجلاس 11 مئی 2006 کو ڈھاکا میں ہوا تھا جبکہ دوسرا اجلاس 2007 میں نئی دہلی میں ہوا تھا۔ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ ایک ایسے وقت میں پاکستان آرہے ہیں جب کشمیر میں 22 سالہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور جھڑپوں میں 50 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔