امریکی صدر کے عہدے کے لیے آج تک ہلیری کلنٹن سے زیادہ اہل کوئی نہیں رہا:صدراوباما

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 جولائی 2016 10:55

امریکی صدر کے عہدے کے لیے آج تک ہلیری کلنٹن سے زیادہ اہل کوئی نہیں رہا:صدراوباما

فلاڈیلفیا (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28جولائی۔2016ء)امریکہ میں ڈیمو کریٹک پارٹی سے بحیثیت صدر اپنے آخری خطاب میں براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے عہدے کے لیے آج تک ہلیری کلنٹن سے زیادہ اہل کوئی نہیں رہا۔ان کا کہنا تھاکبھی بھی کوئی مرد یا عورت ہلیری کلنٹن سے زیادہ اہل نہیں تھا کہ وہ امریکہ کا صدر بنے میں بھی نہیں بلِ کلنٹن بھی نہیں۔

امریکی صدر اوباما نے ہلیری کلنٹن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عہدے کے لیے انتہائی منفرد طریقے سے اہل ہیں اور یہ کہ وہ کبھی ہار نہیں مانتیں۔اپنے خطاب میں انھوں نے 2004 میں ہونے والے کنونشن کا ذکر کیا جس سے انھوں نے پہلی بار خطاب کیا تھا۔ان کا کہنا تھا 12 سال پہلے میں نے اس کنونشن سے خطاب کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دن آپ میری دونوں ننھی بیٹیوں مالیا اور ساشا سے ملے تھے جو اب دو نوجوان لڑکیاں ہیں جو میرا فخر ہیں۔

میری اہلیہ اور ساتھی مشیل نے مجھے ایک بہتر باپ اور بہتر انسان بنایا۔ انھوں نے خاتونِ اول کے طور پر قوم کو متاثر کیا۔امریکی سربراہ کی حیثیت سے جنوری میں اوباما اپنا آٹھ سالہ دور مکمل کرنے والے ہیں۔ ڈیموکریٹک قومی کنونشن کے تیسرے روز، وہ کلیدی اسپیکر تھے، جہاں منگل کو ڈیلیگیٹس نے کلنٹن کو پارٹی کی جانب سے 2016ءکی صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کیا، جو ایک تاریخ ساز لمحہ تھا جب کسی اہم امریکی سیاسی پارٹی نے کسی خاتون کو صدارتی امیدوار نامزد کیا۔

اس سے قبل، کلنٹن کے ہمراہ اوباما ایک انتخابی ریلی میں شرکت کر چکے ہیں۔ ان کا ارادہ ہے کہ آٹھ نومبر کو ری پبیلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ سے مقابلے سے قبل، اکتوبر کے مہینے میں کلنٹن کے ساتھ انتخابی مہم چلائیں۔ ٹرمپ جائیداد کے نامور کاروباری فرد ہیں، جنھوں نے کبھی کسی منتخب عوامی عہدے پر کام نہیں کیا۔اس سے پہلے امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے اپنے خطاب میں رپبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تشدد، مذہبی عدم برداشت کی حمایت کرتے ہیں۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا انھیں بالکل بھی معلوم ہی نہیں کہ امریکہ کو کیا چیز عظیم بناتی ہے۔ڈیمو کریٹک پارٹی کے کنونشن میں ہونے والے تقاریر کے ردِ عمل میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سینیئر مشیر سٹیفن ملی نے ایک ٹویٹ میں کہا ان کے سارے پیغام کو اگر مختصر کیا جائے تو ان کے خیال میں ہر چیز بہترین ہے اور کوئی ایک چیز بھی بدلنے کی ضرورت نہیں ہے۔