اٹلی کے وزیراعظم میٹیو رنضی رواں سال نومبر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

پاک بزنس فورم اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہو گا۔ فورم میں 120 اعلیٰ کاروباری، سرمایہ کار وفود اور معروف کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے

بدھ 27 جولائی 2016 22:55

اٹلی کے وزیراعظم میٹیو رنضی رواں سال نومبر میں پاکستان کا سرکاری دورہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) اٹلی کے وزیراعظم میٹیو رنضی رواں سال نومبر میں پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے ٗپاک بزنس فورم اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہو گا۔ فورم میں 120 اعلیٰ کاروباری، سرمایہ کار وفود اور معروف کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ یہ بات بدھ کو پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹیکوروا نے یہاں پاک اٹلی فرینڈشپ معاہدہ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آغا سٹیل انڈسٹریز پاکستان اور ڈینئل اٹلی کے حکام نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ اٹلی کے سفیر نے کہا کہ پاک اٹلی بزنس فورم رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں منعقد ہو گا جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاہدہ سے میٹل انڈسٹری میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے اور پاکستان میں اعلیٰ معیار کے سٹیل کی پیداوار میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون پر مبنی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ اٹلی چین، یو اے ای اور ہانگ کانگ کے بعد پاکستان میں چوتھا بڑا سرمایہ کار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی کے وزیراعظم نومبر میں پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے جس سے دونوں ملکوں کے مابین سیاسی، سفارتی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم ایک ارب یورو سالانہ ہے جس میں مزید اضافہ کی ضرورت ہے۔