وزیر اعلی بلوچستان کی وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات،صوبے کے مالی امور، ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

وفاقی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے،سینیٹر اسحاق ڈار بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کی جا رہی ہے، اہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا، وفاقی وزیر خزانہ

بدھ 27 جولائی 2016 22:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں بلوچستان کے مالی امور ، ملک کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ اور وزارت خزانہ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور وزیراعظم کی ہدایت پر بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے، انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کو سراہا جبکہ انہوں نے صوبے کے لیے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کو مبارکباد بھی دی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صوبائی بجٹ میں شامل اہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا جس سے سماجی و اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل ہو سکے گا، انہوں نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کی دلچسپی کو قابل اطمینان قرار دیا انہوں نے وفاقی وزیر کو صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی ، گڈ گورننس کے قیام اور رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔