ہم نے مسلم دنیا کو اپنے ساتھ کھڑا کرنا ہے، اگر پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہو گا تو ساری دنیا آپ کے ساتھ ہو گی، حکومت اور میڈیا کو ڈٹ کر میدان میں کھڑے ہونااور کشمیریوں کو مکمل اعتماد دینا چاہیے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے، حکومت پاکستان کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پراٹھانا چاہیے

امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید کا اجتماعات سے خطاب

بدھ 27 جولائی 2016 22:51

لاہور/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ کشمیر ی مسلمان قربانیوں کا حق ادا کر رہے ہیں۔ ہمیں مسلم دنیا کو اپنے ساتھ کھڑا کرنا ہے۔ اگر پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہو گا تو ساری دنیا آپ کے ساتھ ہو گی۔ حکومت اور میڈیا کو ڈٹ کر میدان میں کھڑے ہونااور کشمیریوں کو مکمل اعتماد دینا چاہیے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے۔

حکومت پاکستان کو انڈیا کی دوستی کی پرواہ نہیں کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرنا چاہیے۔ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مسئلہ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پراٹھانا چاہیے۔تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے اورجاری رہے گی۔ جماعۃالدعوۃ مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں گرڈ اسٹیشن کے قریب سفیدیانوالی گراونڈ فیصل آبادمیں ہزاروں افراد کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد اکی گئی۔ تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کی امامت میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔قبل ازیں فیاض احمدمسؤل جماعۃ الدعوۃ فیصل آباد ،حافظ بنیامین عابد، ابو بصیر احمد، انوارالحق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہندوستان نے کشمیری مسلمانوں پر بدترین مظالم کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس میں 60 سے زیادہ لوگ شہید ہو چکے جبکہ ہزاروں زخمی ہیں۔بھارتی فوج ہسپتالوں میں گھس کر نہتے کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے ۔مظلوم کشمیریوں کیخلاف ایسے ہتھیار وں کا استعما ل کیا جارہا ہے جس سے انکی آنکھیں ضائع ہو رہی اور مختلف امراض پھیل رہی ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ آج اس ظلم پر بین الاقوامی دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی پر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جہاں آپ کا خون گرے گاوہاں ہمارا خون گرے گا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری و پاکستانی قوم کے درمیان کلمہ طیبہ کے رشتے ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں جرأتمندانہ پالیسیاں اختیار کرے اور تجارت، ثقافت اور سفارت کو مسئلہ کشمیر کے حل سے جوڑا جائے۔کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔ کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں آج پاکستانی حکمران بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے ہیں۔تحریک آزادی کو مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔

ہندوستانی وزراء کی پاکستان کیخلاف الزام تراشیاں اورکشمیر کے دورے کسی کام نہیں آئیں گے۔ مظلوم کشمیری کسی صورت بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ حافظ محمدسعید نے کہاکہ ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر ان کے دل و دماغ سے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔ آج کشمیر کے گلی کوچوں میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔ حکومت پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور ان کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بھارت سرکار شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔