سینیٹر سراج الحق کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،29جولائی کشمیر پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت

وسیم اختر کے انکشافات انتہائی اہم ہیں ،12مئی کا دن پاکستانی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے خوفناک دن تھا ، اس دن پچاس انسانوں کو قتل اور سینکڑوں کو گولیاں کا نشانہ بنا کر زخمی کیاگیا،12مئی کے متاثرین کو انصاف دینا وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جولائی 2016 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وسیم اختر کے انکشافات انتہائی اہم ہیں ،12مئی کا دن پاکستانی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایسا خوفناک دن تھا کہ چیف جسٹس کو کراچی میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے سڑکوں پر کنٹینرز کھڑے کر کے سیل کر دیا گیا اور پھر سڑکوں پر آنے والے لوگوں کا شکار کیا گیا۔

اس دن پچاس انسانوں کو قتل اور سینکڑوں کو گولیاں کا نشانہ بنا کر زخمی کیاگیا۔12مئی کے متاثرین کو انصاف دینا وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ،کراچی میں دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت حکومت اور سیکیورٹی اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ،ہمارے دل میں سندھ سے جانے والے اور سندھ میں آنے والے دونوں سیدوں کیلئے نیک تمنائیں ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عروس البلاد کراچی کو گزشتہ تین عشروں سے خون میں نہلایا جارہا ہے ۔ہزاروں بے گناہ شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ،بلدیہ فیکٹری میں بھتہ نہ دینے پر 260مزدوروں کو زندہ جلایا گیا ،روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں میں ڈبو دیاگیا مگر حکومتیں اور عدالتیں عوام کو جان اور مال کا تحفظ دینے میں ناکام رہیں ،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری ،بوری بند لاشوں اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والے سامنے ہونے کے باوجود نامعلوم رہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج تک بننے والی جے آئی ٹیز کی رپورٹوں میں ان جرائم کے پیچھے موجود مافیا سے متعلق تمام حقائق موجود ہیں مگرکسی کے خلاف کاروائی نہیں کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ مجرموں کے خلاف انصاف کے تقاضوں کے مطابق کاروائی ہونی چاہئے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں حساس ادارے کے دو افسروں کی ٹارگٹ کلنگ نہ صرف صوبائی و وفاقی حکومت بلکہ سیکیورٹی اداروں کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

سیکیورٹی اداروں کے ملازمین کو ٹارگٹ کرنے والوں کا سراغ لگانا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچاناکراچی میں قیام امن کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور انہیں 29جولائی کو اسلام آباد میں کشمیر پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔