صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری کیلئے قومی سطح پراشتراک عمل سے کام کرنے کا عزم

ملک بھر میں حکومتی اداروں اور عوامی تعاون سے صفائی کے مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا تربیتی کانفرنس سے تانیہ خان، شاہد ناصر راجہ ، نجیب اسلم، فہیم جونیجو، جلال حسین ، ریحان نجم ، طارق محمود، سہیل مروت کا اظہار خیال

بدھ 27 جولائی 2016 22:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء )واٹر سپلائی اینڈ سینٹی ٹیشن اشتراک باہمی کونسل کے زیر اہتمام صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری کے لئے اسٹیک ہولڈرزکے قومی تربیتی سیمینار کے شرکا ء نے متفقہ طور پر تمام متعلقہ اداروں میں اشتراک عمل ، حکومتی اداروں کی طرف سے صحت عامہ کو خصوصی اہمیت دینے اور پبلک و پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ پائیدار ترقی کے مقاصد کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

کونسل کی نیشنل کو آرڈینٹرتانیہ خان، ڈی جی لوکل گورنمنٹ شاہد ناصر راجہ ڈائریکٹر نجیب اسلم ، سندھ سے فہیم جونیجو،عمران شامی ، عاصم سلیم پلان انٹرنینشل ،عالمی بنک سے فرحان سمیع ، واٹر ایڈ سے صدیق خان ، یونسیف کے صوبائی و وفاقی نمائندوں، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ گلگت بلتستان، پراجیکٹ ڈائریکٹر واش جلال حسین، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ طارق محمود ، بلوچستان سے ریحان نجم ، لوکل گورنمنٹ فاٹاسے سہیل مروت ، خیبر پختوانخواہ سے بحرام خان ، نیاز اﷲ خان اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے کانفرنس کو انتہائی کامیاب اور مفید قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس نوعیت کی سرگرمیوں سے صوبائی اداروں کو باہمی تعاون سے کام کرنے کا موقع ملتا ہے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرکے کمیونٹی کے لئے بہتر انداز میں کام کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں پنجا ب ، سندھ ، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان، فاٹا ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان کے سرکاری محکموں کے افسران اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کرکے اپنے علاقوں میں حکومتی سطح پر اور دیگر تنظیموں کی طرف سے صفائی و ستھرائی کے حوالے سے جاری سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ پنجاب شاہد ناصر راجہ نے کہاکہ صحت و ستھرائی کے لئے تمام صوبوں کے ماہرین کومل کر مسائل کا حل تلاش کرنے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے انہوں نے تربیتی کانفرنس کومستقبل کی حکمت عملی کے لئے انتہائی مفید قرار دیا اور کہاکہ پارٹنر آرگنائزیشن کے باہمی تعاون سے صحت اور صفائی کے شعبے میں مقررہ اہداف کے حصول میں بہت مدد مل سکتی ہے۔

تانیہ خان نے کہاکہ پہلی مرتبہ ایک ہی چھت کے نیچے چاروں صوبوں اور انتظامی یونٹس کے نمائندوں نے صفائی ستھرائی کے بارے میں اہم موضوعات پر سیر حاصل بحث کی اور متفقہ حکمت عملی پر اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صفائی ستھرائی کا شعور اجاگر کرنے اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے عزم صمیم کے ساتھ کام کیا جائے اور اس پروگرام میں رائے عامہ پر اثر نداز ہونے والی تمام شخصیات کو شامل کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جائیں۔