قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کا اجلاس ، پیمرا کے انتظامی، مالیاتی اور قانونی امور کا جائزہ لیا گیا

پیمرا ٹی وی چینلز کیلئے اپنے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، کمیٹی کی ہدایت

بدھ 27 جولائی 2016 22:10

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جولائی ۔2016ء) قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ نے پیمرا پر زور دیا ہے کہ وہ ٹی وی چینلز کیلئے اپنے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں رکن قومی اسمبلی عمران ظفر لغاری کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پیمرا کے انتظامی، مالیاتی اور قانونی امور کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے الیکٹرانک میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر موٴثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔ طلال چوہدری نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے پیمرا کو کمیٹی کے تعاون کا یقین دلایا۔ کمیٹی نے ایک اینکر کی جانب سے مارشل لاء کی حمایت میں جاری کئے گئے بیان کی وضاحت کیلئے ٹی وی چینلز مالکان کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ کچھ اینکرز میڈیا کی آزادی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے ملک میں آزادی اظہار رائے کی حمایت کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور حکومت کی کمٹمنٹ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بول ٹی وی چینل کے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملہ پر صحافیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ ٹی وی چینلز پر ملک دشمن بیانات کا نوٹس لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا اور پی بی اے کے درمیان ضابطہ اخلاق پر اختلاف رائے ہے۔ ایک مرحلہ پر پی بی اے نے کہا تھا کہ یہ سیلف ریگولیٹ ہو گا تاہم کچھ ماہ بعد انہوں نے اس سے انکار کیا۔ جب پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ریگولیٹ کرنا شروع کیا تو وہ عدلیہ گئے اور حکم امتناعی حاصل کیا۔ ابصار عالم نے کہا کہ میڈیا نے قربانیاں دیتے ہوئے اپنی آزادی حاصل کی اور اب بعض اینکرز غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پارلیمنٹ کو اس معاملہ پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بعض اینکرز کے پاس دوہری شہریت ہے جو آئین پاکستان کے خلاف بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی طرح قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹی وی چینلز کے خلاف جرمانے کی رقم میں اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹی وی چینلز برطانیہ کی طرح آزادی اظہار چاہتے ہیں تو انہیں اسی طرح اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کرنا چاہئے۔ کمیٹی نے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ آئین کے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے متعلق آئندہ اجلاس میں اپنی قانونی آراء دے۔