اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم کو باقاعدہ اسلام آباد پولیس میں آپریشنل کر دیا گیا

بدھ 27 جولائی 2016 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم کو باقاعدہ طور پر اسلام آباد پولیس میں آپریشنل کر دیا گیا ہے ۔اس میں روزمرہ کا کرائم ،مقدمات کے اندراج سے لے کر عدالت سے ملزمان کی سزا یابی تک کا مکمل ریکارڈ اورتمام افسران و جوانوں کاتمام محکمانہ ریکارڈ شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد طارق مسعود یٰسین کے زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم کی پراگریس کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں اے آئی جی جنرل نثار احمد خان تنولی،ایس پی سیف سٹی عامر خان نیازی،ڈائریکٹر آئی ٹی سلیم رضا شیخ ،سٹاف آفیسر ٹو آئی جی برائے آئی ٹی سید امتیاز احمد شاہ نے شرکت کی ۔آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یٰسین نے اسلام آباد پولیس میں اپنی تعیناتی کے دوسرے ہفتے سے ہی اسلام آباد پولیس کمیونیکشن سسٹم پر کام شروع کر دیا تھا جس کو ایک ماہ اور 17 دن کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا اور یکم جون 2016سے باقاعدہ طورپراسلام آباد پولیس میں آپریشنل کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سسٹم میں ابھی تک یکم جنوری 2016 سے لے کر اب تک کا تمام تھانوں کا مکمل ڈیٹا فیڈ کیا گیا ہے اور اس پر مزید کام جاری ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کمیونیکیشن سسٹم پاکستان کی تاریخ کا جدید ترین نظام ہے جس میں ضلع بھر میں ہونے والے کرائم،مقدمات کے اندراج سے لے کر عدالت سے ملزمان اور ان کی سزا یابی تک کا مکمل ریکارڈ اور افسران و ملازمان کے مکمل محکمانہ ریکارڈ شامل ہے ۔

اسلام آباد پولیس کمیونیکشن سسٹم میں ہر تھانے سے روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا فیڈ کیا جاتا ہے اور اس سسٹم کو آئی جی اسلام آباد،ڈی آ ئی جی ،ایس ایس پی آپریشنز،زونل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز اور تھانہ میں تعینات آپریٹرز استعمال کر سکتے ہیں ۔اس سسٹم میں سکیورٹی کے تمام فیچرز رکھے گئے ہیں ۔کسی بھی ڈیٹا کے اندراج کے بعد اس میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی اور اگر کوئی بھی اس میں تبدیلی کی کوشش کرتا ہے تو سسٹم ایک کمپیوٹرائزڈ میسیج جنریٹ کرتا ہے جس سے اس کو غلط استعمال کرنے کے حوالے سے پتہ لگا یا جا سکتا ہے ۔

اسلام آباد پولیس کمیونیکشن ایک جدید اور آن لائن سسٹم ہے جس کوپولیس افسران 24 گھنٹے موبائل،لیپ ٹاپ ،کمپیوٹر پر کہیں بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔اجلاس میں اسلام آباد پولیس کمیونیکشن سسٹم کی پراگریس کامکمل جائز ہ لیا گیا جس میں زونل ایس پیز کی کارکردگی مناسب پائی گئی ۔کچھ ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز کی کارکردگی غیر تسلی بخش تھی جن میں ایس ڈی پی او سٹی ،مارگلہ اور سہالہ نے اس سسٹم کو صرف دودو گھنٹے ،گولڑہ اور شمس کالونی نے ایک ایک گھنٹہ جبکہ ایس ڈی پی او بھارہ کہو نے ایک گھنٹہ سے بھی کم استعمال کیا ۔

اسی طرح ایس ایچ او شالیمار،انڈسٹریل ایریا،شمس کالونی،کھنہ اور نیلور کے علاوہ کسی ایس ایچ او نے استعمال نہیں کیا ۔اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد نے آئی ٹی کے افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سسٹم کو استعمال نہ کرنے والے ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز کو مزید تربیت دیں تاکہ وہ جلد از جلد اس سسٹم کو استعمال میں لائیں ۔آئی جی اسلام آبا دطارق مسعود یٰسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ ایک ایسا نظام ہے جس سے پولیس کے متعلق ہر قسم کا ریکارڈ فیڈ کیا جا رہا ہے ۔اس سے عام آدمی کو انصاف فراہم کرنے کے لئے آسانیا ں پیدا ہوں گی اور کئی مشکلات ختم ہوں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کمیونیکشن سسٹم میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :