آئل ریفائنری ،پن بجلی اور ہاؤسنگ کے مختلف منصوبوں کی تعمیر کیلئے یکم اگست کو معاہدوں پر دستخط کریں گے،پرویزخٹک

صوبائی حکومت ، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی مشترکہ پارٹنر شپ سے عنقریب شروع کئے جانیوالے منصوبوں میں چترال میں تین ،بالاکوٹ میں ایک ،پن بجلی کے منصوبے ،دو ہاؤسنگ سکیمیں ، آئل ریفائنری ، سمینٹ انڈسٹری ،رواں مالی سال میں تعمیر کئے جانیوالے دیگر منصوبے شامل ہیں وزیراعلی کی پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں قائم کئے جانیوالے انڈسٹریل اسٹیٹس سمیت صوبائی حکومت کی ذاتی حکمت عملی کے تحت چھوٹے، درمیانے اور بڑے انڈسٹریل یونٹس پر مشتمل صنعتی زونز پر عملی کام شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 27 جولائی 2016 21:50

آئل ریفائنری ،پن بجلی اور ہاؤسنگ کے مختلف منصوبوں کی تعمیر کیلئے یکم ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی حکومت آئل ریفائنری اور سیمنٹ انڈسٹری سمیت پن بجلی اور ہاؤسنگ کے مختلف منصوبوں کی تعمیر کیلئے رواں سال یکم اگست کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کرے گی ۔ وہ بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

سینئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، صوبائی وزیر برائے توانائی محمد عاطف خان، چیئرمین اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی غلام دستگیر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ صوبائی حکومت اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی مشترکہ پارٹنر شپ سے عنقریب شروع کئے جانے والے ان منصوبوں میں چترال میں تین اور بالاکوٹ میں ایک پن بجلی کے منصوبے جو بالترتیب 900 اور 00 3میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی استعداد رکھتے ہوں گے، دو ہاؤسنگ سکیمیں ، آئل ریفائنری ، سمینٹ انڈسٹری اور رواں مالی سال میں تعمیر کئے جانے والے دیگر منصوبے شامل ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے واضح کیا کہ مذکورہ منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت ضروری قانون سازی کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی انہوں نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ وہ فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ باضابطہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے آرگنائزیشن کے ساتھ پہلے سے طے شدہ سکیموں کے مختلف پیکجز بنائیں تاکہ ان سکیموں سے صوبے کی تیز رفتار ترقی کو ممکن بنایا جا سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی کاوشوں سے خیبرپختونخوا تیز رفتار اور دیر پا ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ ترقیاتی سکیمیں صوبے کے ماضی میں نظر اندازکئے گئے عوام کی ترقی کیلئے مطلوبہ نتائج کے حصول میں سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبے صوبے کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر ڈالنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں کی تخلیق میں ممددو معاون ہو ں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں جیمز، جیولری اور معدنیات کے دیگر ذخائر تلاش کرنے کی ہدایت کی انہوں نے قدرتی ذخائر کی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش طور پر پیش کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی ذخائر سے مالا مال ہے جن کا بہترین استعمال صوبے کی مجموعی ترقی کا موجب اور غریب عوام کی فلاح کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں قائم کئے جانے والے انڈسٹریل اسٹیٹس سمیت صوبائی حکومت کی ذاتی حکمت عملی کے تحت چھوٹے، درمیانے اور بڑے انڈسٹریل یونٹس پر مشتمل صنعتی زونز پر عملی کام شروع کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہاکہ اصل مقصد صوبے میں دستیاب وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے دوررس نتائج حاصل کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع کے تناظر میں وہاں کمرشل پراپرٹی کی درجہ بندی کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے صوبے کے وسیع تر مفاد میں بورڈ آف انوسٹمنٹ اور اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (ازدمک) کو یکجا کرنے کا حکم دیا اور اس سلسلے میں باضابطہ فیصلہ کرنے کیلئے سمری بھیجنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :