ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم کا نوٹس ٹوپی ڈرامہ ہے‘پی پی پی اراکین

بدھ 27 جولائی 2016 21:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین صوبائی اسمبلی خیر النسا مغل، شمیم ممتازاور شاہینہ شیر علی بلوچ نے جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر امراض کے علاج کیلئے دستیاب ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنی تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارماسیوٹیکل کارٹل کو وفاقی اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں میں موجود بااثر عناصر کی آشیرباد حاصل ہے لیکن دوسری جانب وزیراعظم کی جانب سے ایسی خبریں چلوائی جارہی ہیں کہ وزیراعظم نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر نوٹس لے لیا ہے جو درحقیقت ٹوپی ڈرامہ اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جان بچانے والی ادویات لازمی کے درجے میں رکھی جاتی ہیں اور فارماسیوٹیکل کمپنیاں از خود ان کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرسکتیں لیکن پاکستان میں یہ کمپنیاں من مانی کررہی ہیں جن پر وفاقی اور پنجاب کی حکومت کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ تقریباً 257 فارماسیوٹیکل کمپنیاں ہیں جن کے مفادات کی نگہبانی خود حکومت پنجاب میں بااثر طبقہ کررہا ہے جس کی پکڑ ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت صحت کا ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے میں کردار نہایت منفی رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :