حکومت غربت کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

محکمہ زکوہ وعشر کی جانب سے مستحق بیروزگار افراد میں بلامعاوضہ رکشے تقسیم کئے گئے‘صوبائی وزیر

بدھ 27 جولائی 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء )صوبائی وزیرمیاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت غربت کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔اس حوالے سے فروغ تعلیم کے ساتھ روزگار کمانے کے مفید منصوبے شروع کئے گئے ہیں تاکہ ضرورت مند افراد اپنا روزگار خود کما سکیں اور معاشرہ پر بوجھ بننے کی بجائے مفید شہری بنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 90 شاہراہ قائداعظم پر خودروزگار سکیم کے تحت محکمہ زکوۃ وعشر کی جانب سے مستحق بیروزگار ارفراد میں قرعہ انداز ی کے ذریعے 7 رکشے تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر چیئرمین زکوۃ وعشر لاہور میاں محمد نوید انجم،شیخ کبیر تاج،ملک خالد سعید،جنرل سیکرٹری پی پی ون141 مسلم لیگ(ن)،محمدطارق،قیوم ڈار کے علاوہ نو منتخب چیئرمین و وائس چیئرمین بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں بتایا گیا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی خودروزگار سکیم کے تحت اب تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں 50 رکشے مستحق بے روزگار افراد میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا گیا کہ آج قرعہ اندازی کے ذریعے 7 مستحق بے روزگار افراد میں رکشوں کی چابیاں تقسیم کی گئی۔چیئرمین زکوۃ وعشر نے بتایا کہ یہ رکشے دو سال کی مدت تک محکمہ زکوۃ وعشر کے نام پر رجسٹرڈ رہیں گے اور قواعد وضوابط کے مطابق چلنے کی صورت میں دوسال کے بعد ان افراد کے نام پر ٹرانسفر کر دئیے جائیں گے اگر ان رکشوں کو کرایہ پر یا فروخت کیا گیا تو یہ رکشے واپس لے کر کسی دوسرے مستحق افراد میں تقسیم کر دئیے جائیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے اپنی جیب سے 7 رکشوں میں پٹرول کے لئے ایک ایک ہزار روپے فی کس دیا تاکہ یہ اپنا روزگار شروع کر سکیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ افراد پنجاب بینک میں محکمہ زکوۃ وعشر کے اکاوئنٹ میں صرف ایک بار ایک ہزار روپے جمع کرائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کہ رکشہ خراب ہونے کی صورت میں ورکشاپ سے ٹھیک کروانے کی فری سہولت بھی دی گئی ہے تاکہ ان افراد پر کسی قسم کا بوجھ نہ پڑے۔