کراچی میں فوجی جوانوں کی شہادت، میاں محمودالر شید نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

شہر قائدمیں رینجر ز آپریشن کی حمایت، اختیارات میں فی الفور توسیع دی جائے، قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی پاک فوج عوامی حمایت سے امن کیخلاف ہر سازش نا کام بنادے گی، میاں محمود الر شید کی اسمبلی احاطے میں میڈیا سے بات چیت

بدھ 27 جولائی 2016 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کراچی میں فوجی گاڑی پر فائرنگ اور دو جوانوں کی شہادت پرمذمتی قرار داد جمع کرادی، متن کے مطابق قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کراچی میں فوجی جوان خادم حسین اور عبدالرزاق کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتا ہے اور دعا گوہ ہے کہ اﷲ شہدا کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان دہشت گردی کیخلاف جاری آپریشن کی مکمل غیر مشروط اور غیر متنزل حمایت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرے اور اس ضمن میں کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا اور کراچی میں رینجرز کے اختیار ات میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ دریں اثناء پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ گھناؤنی سازش کے تحت کراچی کے امن کو ایک مرتبہ پھر تباہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن قوم ساتھ ہے پاک آرمی و رینجرز ملک دشمن عناصر کی ہر سازش نا کام بنا دیں گے۔