گورنر سندھ عشرت العباد نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کرلیا

توقع ہے نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ قائم علی کے تجربے اور برد باری سے فائدہ اٹھائیں گے ، وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی ایک سیاسی فیصلہ ہے ، قائم علی شاہ نے ترقیاتی کاموں سمیت ہر کام میں مجھے شامل رکھا، عشرت العباد کی قائم علی اور مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جولائی 2016 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) گورنر سندھ عشرت العباد نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کر تے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ انکے تجربے اور برد باری سے نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ فائدہ اٹھائیں گے ، وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی ایک سیاسی فیصلہ ہے ، قائم علی شاہ نے ترقیاتی کاموں سمیت ہر کام میں مجھے شامل رکھا ۔

وہ بدھ کو کراچی میں مستعفی وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اورنامزد وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے ۔ انکے تجربے اور برد باری سے مراد علی شاہ صاحب فائدہ اٹھائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سیاسی فیصلہ ہے ۔

(جاری ہے)

عشرت العباد نے کہا کہ نئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے ساتھ پہلے ہی اچھا ورکنگ ریلیشن شپ رہا ہے ۔

قائم علی شاہ کا تجربہ ہمیشہ سور مند رہے گا ۔ صوبے میں امن و امان کے قیام میں انکا اہم کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ نے ترقیاتی کاموں سمیت ہر کام میں مجھے شامل رکھا اور سندھ کے مفاد میں ہر فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا ۔ قائم علی شاہ صاحب سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں ۔ انہوں نے اپنے دور میں تمام فیصلے بہترین انداز میں کیے ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سینئیر سیاستدان ہونے کی حیثیت سے انکے تجربے سے مستفید ہوئے ۔ صوبے میں امن و امان کا قیام سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ مراد علی شاہ کو سب سے زیادہ توجہ امن و امان پر دینا ہو گی ۔ مستقبل میں بھی قائم علی شاہ کیساتھ مشاورت جاری رہے گی ۔ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے 29 جولائی کو سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ سید قائم علی شاہ نے میڈیا گفتگو میں کہا کہ پارٹی کارکن ہوں اور پارٹی کیساتھ ہمیشہ کام کرتا رہوں گا ۔