ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز سے چینی غائب

شوگرملز ملازمین کی ہڑتال، یوٹیلیٹی سٹورز کو چینی کی سپلائی نہ ہوسکی ،اگست میں 20ہزار میٹرک ٹن کی خریداری کیلئے مزید ٹینڈر طلب سفید چنا کی سٹورز پر کم قیمت اور ملکی مارکیٹ میں ز ائد قیمت کی وجہ سے بھی کارپوریشن کا مزید سفید چنا مہنگے داموں خریدنے سے انکار

بدھ 27 جولائی 2016 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جولائی ۔2016ء) رمضان المبارک کے ختم ہوتے ہی ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹوروں سے چینی غائب ہوگئی ہے ، سفید چنا کی سٹوروں پر کم قیمت اور ملکی مارکیٹ میں زیادہ قیمت کی وجہ سے بھی کارپوریشن نے مزید سفید چنا مہنگے داموں خریدنے سے انکار کر دیا ہے ،شوگرملز ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز کو چینی کی سپلائی نہ ہوسکی ،اگست میں 20ہزار میٹرک ٹن کی خریداری کیلئے مزید ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یوٹیلیٹی سٹورز کے ذرائع کے مطابق ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز کو ماہ رمضان کے بعدچینی کی سپلائی نہیں کی گئی ہے کیونکہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کے وئیرہاؤسز میں چینی کا اسٹاک ختم ہوچکا ہے اسی طرح ماہ رمضان میں ختم ہونے والے سفید چنے کی خریداری کیلئے بھی کارپوریشن نے دوبارہ ٹینڈر جاری نہیں کئے ہیں جس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ اوپن مارکیٹ میں سفید چنا کا ریٹ مہنگا ہے اورسٹوروں پر سستے ریٹس کی وجہ سے عوام کی بجائے زیادہ تر دکاندار سفید چنا خرید کر اپنی دکانوں میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے عوام کیلئے دالوں پر سبسڈی ماہ جولائی میں بھی جاری رکھنے کے فیصلے سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے کیونکہ سبسڈی سے چینی کو نکال لیا گیا ہے اور چینی کی قیمت یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی 65روپے رکھی گئی ہے اس سلسلے میں جب یوٹیلیٹی سٹورز کے جنرل منیجر شوگر شادی خان خٹک سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایاکہ چشمہ شوگر ملز میں ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے چینی کی سپلائی میں تاخیر ہوئی ہے اب مل سے چینی کی سپلائی شروع ہوئی ہے اور جلد ہی ملک بھر کے سٹوروں کو چینی فراہم کر دی جائے گی انہوں نے بتایاکہ کارپوریشن نے 20ہزار میٹرک ٹن چینی کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کئے ہیں اور یہ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ کیلئے کسی بھی سٹور میں چینی کی کمی نہیں ہوگی ۔

۔

متعلقہ عنوان :