پی ایس او کا گردشی قرضہ 146 ارب 60 کروڑ ہے،شاہد خاقان

حکومت نے کوشش کی ہے کہ گردشی قرضے میں کمی لائی جائے‘ پچھلے ڈیڑھ سال میں اضافہ نہیں ہوا،سینٹ میں جواب

بدھ 27 جولائی 2016 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ایس او کا گردشی قرضہ 146 ارب 60 کروڑ روپے ہے‘ حکومت نے کوشش کی ہے کہ گردشی قرضے میں کمی لائی جائے‘ پچھلے ڈیڑھ سال میں اس میں اضافہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر تنویر خان‘ الیاس احمد بلور اور رحمان ملک کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت پی ایس او کا گردشی قرضہ 146 ارب 60 کروڑ روپے ہے جن میں سے حکومت کے ذمہ 9 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ واپڈا‘ پیپکو‘ حبکو اور کیپکو کے ذمہ 555 ارب روپے کے کلیمز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گردشی قرضے جو جنوری 2015ء کے آغاز پر 181 ارب روپے تھا جو اب کم ہو کر 146 ارب روپے پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوشش کی ہے کہ گردشی قرضے میں کمی لائی جائے۔ پچھلے ڈیڑھ سال میں اس میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جنوری 2015ء میں بجلی کے شعبے کی طرف سے 40 ارب فراہم کئے۔ سات فروری 2015ء سے 20 جولائی 2016ء کے درمیان پی ایس او کی جانب سے بجلی کے شعبے کو 308 ارب روپے میں سے 293 ارب روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :