انسانیت کو ضلالت و گمراہی سے بچانا علماء کادینی فریضہ ہے‘ڈاکٹرراغب نعیمی

بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں پر تشدد کارروائیاں خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں‘ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ

بدھ 27 جولائی 2016 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء ) معروف مذہبی اسکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ تعلیم ترقی کا پہلا زینہ ہے ،انسانیت کو ضلالت و گمراہی کی تباہی سے بچانا علماء کادینی فریضہ ہے۔مسلم امہ کو اقوام عالم میں غلبہ حاصل کرنے کیلئے عسکری و معاشی اوراخلاقی و تعلیمی میدان میں خود کو مضبوط کرنا ہو گا۔

اساتذہ طلباء کی فکری رہنمائی اس انداز میں کریں کہ وہ معاشرے میں خوف کی علامت بننے کی بجائے امید کی کرن بنیں۔ جدید تعلیمی اداروں میں دینی علوم کو پڑھایا جانا بھی ضروری ہے۔ جدید اور قدیم علوم کے زیور سے آراستہ افرادہی معاشرے میں مثبت تبدیلی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز ایوان سرفراز میں ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہیدریسرچ انسٹیٹیوٹ برائے امن ،تعلیم وتحقیق کے نئے سالانہ تعلیمی سیشن2016-17کے حوالے سے منعقدہ ممبران آف ڈائریکٹرز بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ مسلم امہ کی پہچان امن،تعلیم اور انسانی فلاح و بہبود ہے۔رواں سال تنظیم المدارس کے امتحانات میں جامعہ نعیمیہ ، ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہیدریسرچ انسٹیٹیوٹ کے طلباء کی شاندارکارکردگی لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ جامعہ نعیمیہ اور اس سے منسلک مدارس کے ناظمین ،مدرسین،اور آئمہ و خطباء مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں پر تشدد کارروائیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے ۔مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے انصاف کے عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :