تعلیم پنجاب حکومت کی اولین ترجیجات میں شامل ہے فروغ تعلیم کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں‘ملک رفیق رجوانہ

حصول علم کے بغیر کوئی قوم بھی ترقی نہیں کر سکتی اور طلبہ و طالبات جدید اور اعلی تعلیم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز کریں‘گورنر پنجاب

بدھ 27 جولائی 2016 19:58

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تعلیم پنجاب حکومت کی اولین ترجیجات میں شامل ہے ، اور فروغ تعلیم کے لیئے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں، حصول علم کے بغیر کوئی قوم بھی ترقی نہیں کر سکتی اور طلبہ و طالبات جدید اور اعلی تعلیم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز کریں، کھیل نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں ،ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیئے نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کھیلو ں کے میدانو ں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے ،کالج میں زیر تعلیم بلوچستان کے د ور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے طالبعلموں کا جذبہ قابل تحسین ہے ،لارنس کالج فروغ تعلیم کے لیئے اہم کردار ادا کر رہا ہے اور یہاں کے فارغ التحصیل طالبعلم ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں 156 ویں سالانہ سپورٹس ڈے کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل بریگیڈئر (ر) مجاہد عالم , کالج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان , اساتذہ , والدین اور طالبعلموں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔گورنر نے کہا کہ طالب علم محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تما م تر توجہ حصول علم پر مرکوز کریں اور والدین ، اساتذہ اور ادارے کی عزت و وقار میں اضافے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ انکی کردارسازی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیم و صحت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے تما تر وسائل بروے کار لارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے ذہین طالب علموں کوبیرون ممالک میں اعلی تعلیم دلوانے کے لیے انڈوومنٹ کی مد میں اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ غریب کا بچہ بھی اعلی تعلیم حاصل کر کے اپنے والدین اور ملک و قوم کا نام روشن کرسکے ۔

انہوں نے کہا کہ اتنے ذہین طالب علم موجود ہوں تو ملک کو کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ذہنی اور جسمانی نشوونما کا بہترین ذریعہ ہے اورانکے فروغ کے ذریعے معاشرے میں موجود منفی رجحان کا خاتمہ کیا جاسکتاہے ۔ اس موقع پرطالب علموں نے ملی نغمے ،ٹیبلو اور دیگر پروگرام پیش کیے جن کو گورنر نے سراہا ۔ تقریب کے اختتام کے بعد مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل بریگیڈر (ر ) مجاہد عالم نے ادارے کی نسابی اور غیر نصابی کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔