ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے منصوبے میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے حکام کا اجلاس بلا نے کی ہدایت

منصوبے کی تکمیل سے ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہو ں گی

بدھ 27 جولائی 2016 19:43

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء ) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کامنصوبہ انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تکمیل سے نا صرف ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہو ں گی بلکہ دوست ملک چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے بھی زمینی رابطوں کے بہتر ہونے سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جنرل مینجر NHA موٹروے ایکسپریس وے حویلیاں تھاکوٹ محمدنثار خان اور پر وجیکٹ ڈائر یکٹر حسن ابدال حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے فیاض احمد سے آج پارلیمنٹ ہاؤ س میں اپنی ہونے والی ملا قات میں کیا ۔روڈ اینڈ بریج کارپوریشن آف چائنہ کے جنرل مینجر Mr. Ye Chengyin بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملا قات میں ہزارہ ڈویژن میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر جلد کام کے آغاز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈپٹی سپیکر نے جنرل مینجر NHAتھاکوٹ حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن کو منصوبے پر جلد کام کا آغاز کرنے اور اس راستے میں آنے والی بنیادی عوامی سہولیات کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے اور منصوبے کے لیے زمین کی خریداری کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے پروجیکٹ مینجر حسن ابدال موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن کو منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

اور ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے چین پاک اقتصادی راہداری کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ناگزیر ہے جنرل مینجر NHAتھاکوٹ حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن اور پروجیکٹ مینجر حسن ابدال موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن نے منصوبے پر ہونے والے کام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے راستے میں بنیادی عوامی سہولیات کی سکیموں اور منصوبے کے لیے زمین کی خریداری میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو مشکلات کا سامنا ہے جن کو دور کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے ان مشکلا ت کو دور کرنے اورہزارہ ڈویژن میں اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بنے والے منصوبوں پر جلد کام کے آغاز کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ،مانسہرہ اور بٹ گرام ،ریجنل مینجر SNGPL ایبٹ آباد PTCLناردرن زون اور پشاور الیکٹر ک سٹی کارپوریشن کے اعلی حکام کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ اجلاس یکم اگست 2016کو ڈپٹی سپیکر کی زیرصدارت کمشنر آفس ایبٹ آباد میں ہوگا ۔