کشمیر میں بھارتی مظالم سے62افراد شہید اور پانچ ہزار زخمی ہوچکے ہیں‘جماعت اسلامی31جولائی کوازادیٔ کشمیر مارچ ناصر باغ تاواہگہ بارڈر تک کرے گی‘کشمیر میں ہندوستانی فوجی طاقت کے بے دریغ استعمال پر نیویارک ٹائمز کی رپورٹ لمحہ فکریہ ہے‘امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

بدھ 27 جولائی 2016 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کہ’’ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرسیاسی بات چیت شروع کرنے کی بجائے حالات کوجوں کاتوں رکھنے کے لئے بے شرمی سے فوجی طاقت کااستعمال کررہا ہے‘‘پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک62افرادکو شہید جبکہ5پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔وادی میں کرفیوکے باوجود ہزاروں کشمیری بھارتی پرتشددکاروائیوں کے خلاف سراپااحتجاج ہیں۔کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو دبانے کے لئے حریت رہنماؤں کو کئی روز سے نظر بند کیاہوا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پنجاب مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہاریکجہتی کے لئے15روزہ مہم چلارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں لاہور سمیت صوبے بھر کے تمام اضلاع میں مختلف پروگرامات تشکیل دیئے جارہے ہیں۔لاہور میں31جولائی کو ایک عظیم الشان آزادیٔ کشمیرمارچ ناصر باغ مال روڈتا واہگہ بارڈر تک ہوگا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور دیگر قائدین کریں گے۔اس مارچ میں بہت بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کو آزادکیے بغیر ہم محفوظ نہیں ہوسکتے۔

پوری پاکستانی قوم اورتمام دینی وسیاسی جماعتیں اس حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں انڈیا کے غاصبانہ قبضے سے کشمیری عوام کو آزادی دلانے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف امریکہ،برطانیہ،آسٹریلیا سمیت ہر جگہ احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے حوالے سے مضبوط موقف اختیار کرتے ہوئے عالمی سطح پرمسئلہ کشمیرکواجاگر کرے۔کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان میں بسنے والے ہر فرقے اورمسلک کے لوگ برابر کے شریک ہیں۔ہم مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیارکرنے اور ہندوستانی حکومت کے کشمیریوں پر بدترین مظالم کے خلاف بھرپور آوازاٹھانے کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔