Live Updates

6 ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 652 بچوں کے اغوا سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے صوبے کی عوام پنجاب حکومت سے مایوس ہو گئی ہے انجینئر یاسر گیلانی

میڈیا پر اشتہارات دینے سے پنجاب پولیس کا مورال عوام کی نظروں میں بلند نہیں ہو گا اس کے لئے پولیس کو کارکردگی دکھانی ہو گی‘ رہنما تحریک انصاف

بدھ 27 جولائی 2016 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے لاہور میں 6 ماہ کے دوران پنجاب بھر میں 652 بچوں کے اغوا ہونے کی رپورٹ پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے اور حکمرانوں کو کوستے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے بچوں کے اغواء پر پنجاب حکومت کی خاموشی صوبے کی عوام کے لئے مایوسی کا سبب ہے کیا حکومتی مشینری اْس وقت متحرک ہو گی جب اشرافیہ کے بچے یا حکمرانوں کے بچوں کا اغوا شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر اشتہارات دینے سے پنجاب پولیس کا مورال عوام کی نظروں میں بلند نہیں ہو گا اس کے لئے پولیس کو کارکردگی دکھانی ہو گی۔ بچوں کی بازیابی کے لیے پولیس تاحال خاموش ہے۔ پنجاب حکومت مہنگائی، بیروزگاری، راہزنی، اغوا برائے تاوان سمیت کسی جرم پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ہے پولیس کی کثیر نفری حکمرانوں کی حفاظت پر معمور ہے۔ عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں عوام کو مافیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات