اقتصادی راہداری منصوبہ میں چینی کمپنیوں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر رہے ہیں

چینی ریلوے کمپنی کے چیئرمین کا تقریب سے خطاب

بدھ 27 جولائی 2016 19:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء ) چین کی شندونگ جینن بلونتے ریلوے کمپنی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ نے چینی کمپنیوں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع پیدا کئے ہیں ۔ریلوے کمپنی کے چیئرمین ژنگ گو لیانگ 11رکنی وفد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لئے دورے پر موجود ہیں ۔

وفد میں ریلوے کے سازوسامان بنانے والی کمپنی شیشہ بنانے ،سمندری حیات ،تعمیرات ، مکینیکل ،توانائی کے آلات ، کنٹریکٹرزاورریئل اسٹیٹس سے تعلق رکھنے والی چین کی معروف کاروباری شخصیات شامل ہیں جو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے کاروبار کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ وفد نے بدھ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

چیمبرز آف کامرس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ژانگ گو لیانگ نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ کاروبار شروع کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں ۔

پاکستان کو اپنی معاشی صلاحیتوں کی چین میں زیادہ بہتر طریقے سے مارکیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستانی معیشت زیادہ بہتر طریقے سے نتائج دیتے ہوئے کاروبار کے بہتر مواقع پیدا کر رہی ہے ۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبرز آف کامرس کے صدر عاطف کرم شیخ نے کہا کہ نئے چینی وفد کو پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے توانائی ، انفراسٹرکچر کی تعمیر وترقی، تعمیراتی شعبے ، معدنیات کی تلاش، آئل اور گیس،جیولری، ماربل ، پولٹری ،فارما سیوٹیکل ، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستانی معیشت کو دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ۔

دیگر چینی کمپنیوں کو بھی اس منصوبہ کے تحت سرمایہ کاری کرنی چاہیے تاکہ یہ بروقت مکمل ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر آف کامرس چینی کمپنیوں کو راہداری منصوبہ کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔ چینی وفد اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے مستقبل میں قریبی روابط قائم کرنے کے لئے مزید رابطوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔