آزادجموں وکشمیر کونسل کے چار نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا

انچارج وزیر آزادجموں وکشمیر کونسل چوہدری محمد برجیس طاہر نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا اُمیدکر تاہوں کہ نو منتخب ارکان دیے گئے اختیارات کے مطابق آزادکشمیر کی عوام کی بھر پور خدمت کریں گے، وفاقی وزیر امور کشمیر کا تقریب سے خطاب

بدھ 27 جولائی 2016 18:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) آزادجموں وکشمیر کونسل کے چار نومنتخب ارکان کی حلف برداری کی تقریب بدھ کو اسلام آباد میں آزادجموں وکشمیر کونسل سیکرٹریٹ کی عمارت میں ہوئی۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان وانچارج وزیر آزادجموں وکشمیر کونسل چوہدری محمد برجیس طاہر نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔حلف لینے والے نو منتخب ارکان میں مختار احمد خان عباسی، اختر پرویز اعوان، پرویز اختراور محمد یونس میرکے نام شامل ہیں ۔

تقریب حلف برداری کے موقع پر انچارج وزیر نے نومنتخب ارکان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اور آئندہ کی ذمہ داریوں سے متعلق نیک خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام اور وہاں کی ریاستی اسمبلی نے نو منتخب ارکان کو جس معزز ایوان کا پانچ سال کے لیے رکن بنایا ہے اس ایوان کا نمائندہ ہونے کے ناتے سے اُن کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آزادکشمیر کے عوام کے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے وہاں کے عوام کی بھر پور خدمت کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر انچارج آزادکشمیر کونسل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائی اور نوجوان داہائیاں گزرنے کے باوجود آج بھی بھارتی ظلم و بربریت کا بڑی ہمت و بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں اور آئے دن پاکستان سے محبت و وابستگی کے اظہار میں آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوج کی موجودگی کے باوجود پاکستانی پرچم مقبوضہ کشمیر کے ہر گلی، نکر اور چورائے پر لہرا رہے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ اس منصب کے حوالے سے نومنتخب ارکان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خود ارادیت کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے میں بھی اپنا بھر پور کردار اد ا کریں تاکہ داہائیوں سے سلگتے اس مسئلے کی جانب بین الاقوامی دُنیا کی توجہ مرکوز کرائی جاسکے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا حق دلوایا جاسکے۔

چوہدری محمدبرجیس طاہر نے نومنتخب ارکان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آزادکشمیر کے انتظامی و مالی اُمور 1974 کے عبوری آئین کے تحت چلائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں اُمید کرتا ہوں کہ معزز ارکان 1974ء کے عبوری آئین میں دیے گئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے پورے خلوص نیت سے آزادکشمیر کی عوام کے مسائل کو حل کرنے کی اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔حلف برداری کی تقریب سے قبل مقبوضہ کشمیر کے میں شہید ہونے والے شہدا ء کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ حلف برداری کی تقریب میں سابقہ کشمیر کونسل کے ممبر ان کے علاوہ آزادکشمیر کونسل سیکرٹریٹ کے اعلی ٰ حکام نے بھی شرکت کی۔