ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے اعلی حکام کا اجلاس بلا نے کی ہدایت

ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کامنصوبہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے ،اس کی تکمیل سے ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ،مرتضیٰ جاوید عباسی کی این ایچ اے حکام سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 27 جولائی 2016 18:59

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کامنصوبہ انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے اس منصوبے کی تکمیل سے نا صرف ہزارہ ڈویژن ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہو ں گی بلکہ دوست ملک چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے بھی زمینی رابطوں کے بہتر ہونے سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ۔

وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤ س میں جنرل منیجر این ایچ اے موٹروے ایکسپریس وے حویلیاں تھاکوٹ محمدنثار خان اور پر وجیکٹ ڈائر یکٹر حسن ابدال حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے فیاض احمد سے میں ملا قات میں گفتگو کررہے تھے ۔روڈ اینڈ بریج کارپوریشن آف چائنہ کے جنرل منیجرژی چینگ ژن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملا قات میں ہزارہ ڈویژن میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر جلد کام کے آغاز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈپٹی سپیکر نے جنرل منیجر این ایچ اے تھاکوٹ حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن کو منصوبے پر جلد کام کا آغاز کرنے اور اس راستے میں آنے والی بنیادی عوامی سہولیات کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے اور منصوبے کے لیے زمین کی خریداری کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے پروجیکٹ مینجر حسن ابدال موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن کو منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

اور ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے چین پاک اقتصادی راہداری کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ناگزیر ہے جنرل مینجر NHAتھاکوٹ حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن اور پروجیکٹ مینجر حسن ابدال موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن نے منصوبے پر ہونے والے کام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے راستے میں بنیادی عوامی سہولیات کی سکیموں اور منصوبے کے لیے زمین کی خریداری میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو مشکلات کا سامنا ہے جن کو دور کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے تعاون کی ضرورت ڈپٹی سپیکر نے ان مشکلا ت کو دور کرنے اورہزارہ ڈویژن میں اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بنے والے منصوبوں پر جلد کام کے آغاز کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ،مانسہرہ اور بٹ گرام ،ریجنل مینجر ایس این جی پی ایل ایبٹ آباد پی ٹی سی ایل ناردرن زون اور پشاور الیکٹر ک سٹی کارپوریشن کے اعلی حکام کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔

اجلاس یکم اگست 2016کو ڈپٹی سپیکر کی زیرصدارت کمشنر آفس ایبٹ آباد میں ہوگا ۔