پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور درندگی کواقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھا رہا ہے‘پرویز ملک

کشمیریوں کی جدو جہد کو دہشت گردی کہنے کا وقت گزر گیا، حق خود ارادیت انکا بنیادی حق ہے ‘رکن اسمبلی کی کارکنو ں سے گفتگو

بدھ 27 جولائی 2016 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویزملک نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور درندگی کواقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھا رہا ہے۔اس سلسلہ میں سفارت خانوں اور خارجہ ڈیسک کو متحرک کیا جا رہا ہے بہت جلد کشمیریوں کو مضبوط اور بہتر پیغام دیا جائے گا، پاکستان ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

گذشتہ روز لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے منفی انداز میں پیش کر رہا ہے۔ اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی میڈیا اس تحریک کو منفی شکل میں پیش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

خاص طور پر نائن الیون کے بعد اس تحریک کو دہشت گردی قرار دیا گیا۔

یہ مسلمانوں کیخلاف بہت بڑی سازش تھی۔ انہوں نے کہاکہ مشرقی تیمور کا مسئلہ ہو ااور صلیبیوں نے گن اٹھائی توکسی نے انہیں دہشت گرد نہیں کہا بلکہ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی مشرقی تیمور کو صلیبی ریاست کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدو جہد کو دہشت گردی کہنے کا وقت گزر گیا، حق خود ارادیت ان کا بنیادی حق ہے جس سے ا نہیں رروکا نہیں جا سکتا۔