صحافیوں کا سائبر کرائم بل کے معاملے پر ایوان بالا کی پریس گیلری سے واک آؤٹ

بدھ 27 جولائی 2016 17:59

اسلام آباد ۔ 27 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جولائی ۔2016ء) صحافیوں نے سائبر کرائم بل کے معاملے پر ایوان بالا کی پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا جنہیں بعد میں سینیٹر مشاہد اللہ خان منا کر واپس لائے۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران صحافیوں نے پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا تو پینل آف پریزائیڈنگ آفیسرز کے رکن سینیٹر احمد حسن نے سینیٹر مشاہد اللہ خان سے کہا کہ وہ صحافیوں کے پاس جاکر ان کے واک آؤٹ کے بارے میں وجہ معلوم کریں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سینیٹر مشاہد اللہ خان نے واپس آکر بتایا کہ صحافیوں کو سائبر کرائم بل پر تحفظات ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ اس بل کی منظوری سے پہلے صحافیوں کی تنظیموں کے نمائندگان کی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان سے ملاقات کرائی جائے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک دو دن میں ان کی انوشہ رحمان سے ملاقات کرا دی جائے گی۔ ان کی اس یقین دہانی پر صحافیوں نے واک آؤٹ کردیا ہے۔