گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کرلیا

وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کا سیاسی فیصلہ ہے،قائم علی شاہ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا،مراد علی شاہ سے امید ہے کہ قائم علی شاہ کے تجربات اور بردباری سے فائدہ اٹھائینگے،نئے وزیراعلیٰ سندھ کیلئے 29جولائی کو سندھ اسمبلی کا اجلاس بلالیا ہے۔عشرت العباد کی میڈیا سے گفتگو۔۔پارٹی کے ساتھ مل کرکام کرتا رہونگا اورسیاست پر کتاب لکھوں گا۔سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 جولائی 2016 17:51

گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کرلیا

کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2016ء) :گورنر سندھ عشرت العباد نے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کا سیاسی فیصلہ ہے،قائم علی شاہ کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا،انکی امن وامان کیلئے کاوشوں کو یاد رکھا جائیگا،مراد علی شاہ بڑے قابل منسٹر رہے ہیں،امید ہے کہ قائم علی شاہ کے تجربات اور بردباری سے فائدہ اٹھائینگے،نئے وزیراعلیٰ سندھ کیلئے 29جولائی کو سندھ اسمبلی کا اجلاس بلالیا ہے۔

انہوں نے گورنرہاؤس میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور نئے وزیراعلیٰ سندھ کے امیدوار مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کا سیاسی فیصلہ ہے،جو کہ بڑی ہم آہنگی سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائم علی شاہ کااستعفیٰ منظوری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا یہ بہت اچھا سیاسی عمل ہے جس کو آصف زرداری اور بلاول نے اچھے طریقے سے سرانجام دیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ صوبے کی ترقی کیلئے مل کر کام کرینگے۔قائم علی شاہ نے ہر مسئلے پر ہمیشہ ہمارے ساتھ رابطہ رکھا۔صوبے میں تمام فیصلے وزیراعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کی مشاورت سے ہوئے۔قائم علی شاہ کا تجربہ سب کے کام آئے گا۔گورنر عشرت نے کہا کہ مراد علی شاہ سے بہت اچھا تعلق رہا ہے۔آئندہ بھی اچھا سلسلہ چلتا رہے گا۔

صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے،امن و امان کیلئے سب کی مشترکہ کوشش ہے اس کو چلائینگے۔امید ہے مراد صاحب اپنی ٹیم میں بھی اچھے لوگ لینگے اور جو کام پہلے سے اچھے چل رہے ہیں ان کو آگے لے کر بڑھیں گے۔اس موقع پرسابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آپس میں بڑا اچھا تعلق رہاہے جس کے باعث ہم امن وامان قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔گورنر سندھ کااپنے بارے اچھے ریمارکس پر مشکورہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کا حصہ ہیں اورپارٹی کے ساتھ مل کرکام کرتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاست پر کتاب بھی لکھیں گے۔