یمن میں قید افراد کی شہریت کی تصدیق کی جارہی ہے‘ا گر کوئی پاکستانی یمن میں قید ہوا تو اسے واپس لانے کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں گے

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کا ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب

بدھ 27 جولائی 2016 17:37

اسلام آباد ۔ 27 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ یمن میں قید افراد کی شہریت کی تصدیق کی جارہی ہے‘ اس سلسلے میں سفارتی رابطے جاری ہیں‘ا گر کوئی پاکستانی یمن میں قید ہوا تو اسے واپس لانے کے لئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں گے۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر مشاہد حسین سید کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یمن کی صورتحال خراب ہونے کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے حکومت نے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا ہے۔

جہاں تک یمن کی جیل میں پاکستانیوں کی موجودگی کا تعلق ہے اس سلسلے میں بعض اطلاعات کے مطابق ان کی تعداد 22اور بعض کے مطابق 10 یا 6 ہے لیکن ابھی تک ان لوگوں کی شہریت کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہمارا اسلام آباد میں یمن کے سفارتخانے کے حکام کے ساتھ رابطہ ہے جبکہ ریاض میں پاکستان کا سفارتی عملہ بھی متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کو بھی ان لوگوں کی شہریت کی تصدیق کے لئے خط تحریر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ شہریت کی تصدیق ہونے کے بعد یمن میں موجود پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :