پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی ،مسافر کوچ سے ساڑھے 3کروڑروپے مالیت کی منشیات برآمد

بدھ 27 جولائی 2016 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء ) پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ سپرہائی وے(کراچی) سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے ۔جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ دورانِ چیکنگ سپرہائی وے(کراچی)کے قریب ایک مشکوک مسافر کوچ کوچیکنگ کے لیے روکاگیا جو کہ میرپور آزاد کشمیر سے کراچی آ رہی تھی ۔

دورانِ تلاشی کوچ کی چھت پر رکھے ہوئے پرانے کاغذ (ردی)کے کارٹن میں سے پاکستان کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے40(چالیس) کلو گرام چرس برآمدکر لی یہ منشیات پاکستان سے مشرق وسطیٰ اسمگل ہونی تھی، منشیات، کوچ اور 04 (چار ) مبینہ اسمگلروں کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے لیاہے اور اُن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں تقریباً ساڑھے تین کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

یہاں اس امر کا احاطہ بھی ضروری ہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے حالیہ چند ہفتوں کے دوران منشیات کے خلاف اپنی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ چند دنوں کے دوران 1000کلو گرام چرس (پسنی ایئر پورٹ)، 278کلو گرام چرس اور 380کلو گرام افیون( گوادرکے علاقے)، 12کلو گرام ہیروئن اور 13کلو گرام چرس( وندر ،بلوچستان) اور 900کلو گرام چرس( پسنی ،بلوچستان) کے علاقے سے اور 415کلو گرام چرس اور62کلو گرام افیون (وندر،اوتھل ،بلوچستان) کے علاقے سے پکڑی جا چکی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزبریگیڈیئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اُن کے لئے نقد انعامات کااعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :