Live Updates

پولیس کو 9سال بعد12مئی کا واقعہ یاد آنا حیران کن ہے،مید ہے وسیم اختر ہی ایم کیو ایم کے میئر کے امیدوار ہوں گے

وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کامعاملہ سیاسی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے اپنا امیدوار سامنے لانا ان کا حق ہے ،پانامہ لیکس پر حکومت اپوزیشن کے ساتھ اس طرح رابطہ کرے کہ کسی کواعتراض نہ ہو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 27 جولائی 2016 17:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر وزیر خزانہ اور میں نے مشاورت کے ساتھ کمیٹی تشکیل دی تھی اب پھر اسپیکر قومی اسمبلی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے ،میں نے انہیں جواب دیا کہ اپوزیشن کے ساتھ اس طرح رابطہ کریں کہ کسی کو اس پر اعتراض نہ ہو، وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی سیاسی معاملہ ہے ،سیاست میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں ، ایم کیو ایم ایک پارٹی ہے اسکی اپنی پالیسی ہے ، 9سال بعد پولیس کو 12مئی کا واقعہ یاد آگیا یہ حیران کن ہے ، امید ہے وسیم اختر ہی ایم کیو ایم کے میئر کے امیدوار ہوں گے۔

وہ بدھ کو یہاں تحریک انصاف کے رہنما ء عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جس میں انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی ایک سیاسی معاملہ ہے اور سیاست میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، اس کے لیے تحریک انصاف نے اپنا امیدوار کھڑا کیاہے یہ ان کا حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم بھی ایک سیاسی جماعت ہے اور ان کی بھی اپنی ایک پالیسی ہے۔

خورشید شاہ نے وسیم اختر کے معاملے پر کہا کہ اب 9سال بعد انہیں وسیم اختر کا معاملہ یاد آگیا ہے۔ امید ہے وسیم اختر ہی ایم کیو ایم کے میئر کے امیدوار ہوں گے ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ پانامہ لیکس پر وزیر خزانہ اور میں نے مشاورت کے ساتھ کمیٹی تشکیل دی تھی اب پھر اسپیکر قومی اسمبلی نے مجھ سے رابطہ کیا ہے اور میں نے انہیں کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ اس طرح رابطہ کریں کہ کسی کو اس پر اعتراض نہ ہو۔

ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہاکہ حیران کن بات ہے کہ پولیس کو 9سال بعد 12مئی کا کیس کیسے یاد آگیا ہے پہلے پولیس کیا کرتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی برا کام ہوتا ہے تو وہ پولیس کے کھاتے میں ڈال دیاجاتا ہے ، اچھا ہوتا ہے تو کسی اور کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے نرم لب ولہجے کے ذریعے میڈیا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات