مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر سنگاپور، ناروے، نیوزی لینڈ، لاؤس اور امریکہ کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں

بدھ 27 جولائی 2016 17:15

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جولائی ۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے لاؤس میں آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر سنگاپور، ناروے، نیوزی لینڈ، لاؤس اور امریکہ کے وزراء خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اختتامی سیشن میں 27 ملکوں کے وزراء خارجہ نے شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق تمام رکن ملکوں نے عالمی سطح پر دہشت گردی، مائیگریشن، مہاجرین، موسمیاتی تبدیلی اور میری ٹائم سیکورٹی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے چیلنجوں پر مشاورت اور تعاون تیز کرنے پر اتفاق کر لیا۔

دو روزہ وزارتی اجلاس کے دوران جنوبی چینی سمندر اور کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکہ سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث لائی گئیں۔ اے آر ایف ایشیاء پیسفک ریجن میں سیاسی اور سیکورٹی مذاکرات کیلئے اہم فورم اور 10 آسیان ملکوں پاکستان، چین، امریکہ، روس یورپی یونین اور بھارت سمیت 27 رکن ملکوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران سنگاپور، ناروے، نیوزی لینڈ، لاؤس اور امریکہ کے وزراء خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

مشیر خارجہ نے آسیان اور ان کے رکن ملکوں کے ساتھ تمام اہم شعبوں میں تعلقات کو وسیع کرنے کی غرض سے پاکستان کے کوششوں کو اجا گر کیا۔ انہوں نے پاکستان کا آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ پاکستان اس وقت آسیان کا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ہے۔

متعلقہ عنوان :