ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کا منصوبہ انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی

بدھ 27 جولائی 2016 17:09

اسلام آباد ۔ 27 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جولائی ۔2016ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کا منصوبہ انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر ہوں گی بلکہ دوست ملک چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے بھی زمینی رابطوں کے بہتر ہونے سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جنرل مینجر این ایچ اے موٹروے ایکسپریس وے حویلیاں تھاکوٹ محمد نثار خان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن ابدال حویلیاں موٹروے ایکسپریس وے فیاض احمد سے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ روڈ اینڈ بریج کارپوریشن آف چائنہ کے جنرل مینجر Ye Chengyin بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملا قات میں ہزارہ ڈویژن میں پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر جلد کام کے آغاز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی سپیکر نے جنرل مینجر این ایچ اے تھاکوٹ حویلیاں موٹروے ایکسپریس وے سیکشن کو منصوبے پر جلد کام کا آغاز کرنے اور اس راستے میں آنے والی بنیادی عوامی سہولیات کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے اور منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پراجیکٹ مینجر حسن ابدال موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن کو منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

اور ہزارہ موٹر وے ایکسپریس وے کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ موٹروے ایکسپریس وے چین پاک اقتصادی راہداری کے منصوبے پر عمل درآمد کیلئے ناگزیر ہے۔ جنرل مینجر این ایچ اے تھاکوٹ حویلیاں موٹر وے ایکسپریس وے سیکشن اور پروجیکٹ مینجر حسن ابدال موٹروے ایکسپریس وے سیکشن نے منصوبے پر ہونے والے کام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے راستے میں بنیادی عوامی سہولیات کی سکیموں اور منصوبے کیلئے زمین کی خریداری میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو مشکلات کا سامنا ہے جن کو دور کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے ان مشکلا ت کو دور کرنے اورہزارہ ڈویژن میں اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت بنے والے منصوبوں پر جلد کام کے آغاز کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ،مانسہرہ اور بٹ گرام، ریجنل مینجر ایس این جی پی ایل ایبٹ آباد پی ٹی سی ایل ناردرن زون اور پشاور الیکٹرک سٹی کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ اجلاس یکم اگست 2016ء کو ڈپٹی سپیکر کی زیرصدارت کمشنر آفس ایبٹ آباد میں ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :