اکبربگٹی کیس :بلوچستان ہائی کورٹ نے پرویزمشرف کی میڈیکل درخواست مسترد کر دی‘نامزد ملزمان کے مفرور ہونے کے اشتہارات میڈیا میں دینے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 27 جولائی 2016 16:46

اکبربگٹی کیس :بلوچستان ہائی کورٹ نے پرویزمشرف کی میڈیکل درخواست مسترد ..

کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27جولائی۔2016ء)بلوچستان ہائی کورٹ نے نواب اکبر بگٹی کیس کے نامزد ملزم جنرل (ر) پرویز مشرف کی میڈیکل درخواست مسترد کر دی ہے۔بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل ڈبل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ کیس میں نامزد ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور مشرف کے وکیل کی جانب سے پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے وکیل سے استفسار کیا کہ نواب اکبر بگٹی کا گناہ کیا تھا کہ آج تک لاش بھی نہیں ملی۔

کیا جج اور اعلی ا فسران سزا و جزا سے بالاتر ہیں ؟ مشرف سیاسی پارٹی چلا رہا ہے ، پریس کانفرنس کرتا ہے مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتا۔ کیا ایسے اشتہاری ملزم کی وکالت کا کوئی جواز بنتا ہے ؟نواب اکبر بگٹی کے صابزادے جمیل بگٹی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مسئلہ تب حل ہو گا جب مشرف عدالت میں پیش ہو گا۔

(جاری ہے)

جمیل بگٹی نے کہا کہ سیکورٹی کا مسئلہ پورے ملک میں ہے مشرف کا یہ جواز قابل قبول نہیں جس کے بعد عدالت نے بگٹی کیس کے نامزد ملزمان کے مفرور ہونے کے اشتہارات میڈیا میں دینے کا حکم دیا۔ ملزمان میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق صوبائی وزیر داخلہ صمد لاسی اور سابق گورنر اویس غنی شامل ہیں۔ کیس کی سماعت ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی ہو گی۔