سنگین مالی بحران کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ کا وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کا فیصلہ

بدھ 27 جولائی 2016 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) سنگین مالی بحران کے پیش نظر پی آئی اے انتظامیہ نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے چیئرمین پی آئی اے نے اہم شخصیات سے رابطہ کیا ہے۔پی آئی اے کا ادارہ سنگین مالی بحران کا شکار ہے اور اسے دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے وزیر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اہم شخصیات کے ذریعہ آئندہ ہفتے وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے وقت بھی مانگ لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمن پی آئی اے وزیر اعظم کو پی آئی اے کے مالی بحران سے متعلق بریفنگ دیں گے اور ادارے کو چلانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پی آئی اے پر 160 ارب سے زائد روپے کے قرضے واجب الادا ہیں۔

(جاری ہے)

قرضوں کی ادائیگی کے لیے پی آئی اے کی تجوری خالی ہے۔

پی آئی اے نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، فیول کمپنیوں اور دیگر ایئرپورٹس کے اربوں روپے کے واجبات ادا کرنے ہیں۔ پی آئی اے کو قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید 160 ارب روپے درکار ہیں جبکہ وفاق نے قرضے دینے سے انکار کردیا ہے۔ قومی ایئر لائن نے حج آپریشن کے دوران جدہ، مدینہ ایئرپورٹس اتھارٹی کو 2 کروڑ ریال بھی ادا کرنے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران چیئرمین پی آئی اے ادارے کو چلانے کے لیے مالی امداد کی بھی درخواست کریں گے۔

متعلقہ عنوان :