ایل این جی کی درآمد سے گیس کی دستیابی اور امن و امان کی بتدریج بہتر صورتحال سے صنعتوں میں پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے ‘ خرم دستگیر

بدھ 27 جولائی 2016 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں صنعتوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی، ایل این جی کی درآمد سے گیس کی دستیابی اور امن و امان کی بتدریج بہتر ہوتی ہوئی صورتحال سے صنعتوں میں پیداواری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ‘ خام مال پر ڈیوٹی میں کمی سے ملک میں جمود کا شکار چھوٹے صنعتی یونٹوں کی تنصیب میں اضافہ ہو گاوہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے کورین (Lotte) لاتے گروپ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

وفد نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان کا گروپ پاکستان میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں استعمال ہونے والے پولیسٹر اور دوسرے مصنوعی فائبر کی تیاری کیلئے کام آنے والا کیمیکل ”پی ٹی اے“ بناتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں صنعتوں کو بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی بدولت کئی سالوں بعد اس سہ ماہی میں پی ٹی اے کیمیکل کی ڈیمانڈ اس کی پیداوار سے بڑھ جائیگی جس کی وجہ صنعتوں کا چوبیس گھنٹے چالو رہنا اور نئی صنعتوں کا لگنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سہ ماہی میں گزشتہ دو تین سال کے مقابلے میں طلب میں 15-20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی پاکستان میں پی ٹی اے کیمیکل کی پیداوار کو چھ لاکھ ٹن سے بڑھا کر 13 لاکھ ٹن تک لے جائیں گی جو خطے میں تمام ممالک سے زائد ہو گی۔ کورین سرمایہ کاروں نے مزید بتایا کہ کمپنی پاکستان میں چھ کروڑ ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے جس سے پاکستان میں غذائی شعبے میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے خام مال پر ڈیوٹی کم کر کے خطے کے دوسرے ممالک کے برابر کرنے اور مساوی کاروباری ماحول فراہم کرنے پر موجودہ حکومت کا شکریہ ادا کیا۔