اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے یوم آزادی شایان شان اور بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تمام تر تقریبات کو حتمی شکل دیدی

بدھ 27 جولائی 2016 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے یوم آزادی شایان شان اور بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تمام تر تقریبات کو حتمی شکل دیدی ‘ شہریوں کوقومی پرچم فراہم کئے جائینگے جبکہ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اجلاس میں کہاگیا ہے کہ اسلام آباد کے شہریوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے ‘میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو جلد 10 ارب روپے کا غیر ترقیاتی بجٹ مل جائے گا جس کے بعد غیر ترقیاتی کاموں بالخصوص نکاسی آب کے امور کو ترجیح دی جائیگی۔

یہ فیصلے بدھ کو پاک چائنہ سینٹر اسلام آباد میں اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تیسرے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس کی صدارت میئر شیخ انصر عزیز نے کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئرز، چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں 14 اگست یوم آزادی کو بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منانے کے لئے تیاریوں کے جائزہ کے ساتھ ساتھ تقریبات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے اراکین نے اپنی تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ میئر منتخب ہونے کے بعد ان کے دور میں یہ پہلا یوم آزادی ہے، اس لئے میئر کے دفتر کی جانب سے شہریوں کو قومی پرچم فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے گھروں اور دیگر مقامات پر لہرا سکیں۔ میئر شیخ انصر عزیز نے کہا کہ 14 اگست یوم آزادی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے 650 اراکین کو مدعو کیا جائے گا اس کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو تمام تقاریب کے انعقاد کا جائزہ لے گی۔

انہوں نے تمام یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس حوالے سے تقاریب کا انعقاد کریں اور لوگوں کو قومی پرچم فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کیلئے 10 ارب روپے کا غیر ترقیاتی بجٹ وزارت خزانہ کے پاس موجود ہے، امید ہے اس کی ایک ہفتہ میں منظوری ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی بڑا مسئلہ ہے، اس مسئلہ کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

سی ڈی اے سے تباہ حال محکمے ہمارے حوالے کئے گئے ہیں۔ واٹر سپلائی کے مسائل کے حل کے لئے ہم نے سی ڈی اے سے 6 کروڑ روپے ادھار لئے ہیں جو واٹر سپلائی ڈائریکٹوریٹ کو فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ خراب واٹر ٹینکرز، فلٹریشن پلانٹس اور ٹیوب ویلوں کو ٹھیک کرایا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں کا امتیاز ختم ہونا چاہئے۔

دونوں میں یکساں طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے اپنی نگرانی میں تیزی سے کام کر رہا ہوں، شعبہ ماحولیات، سینی ٹیشن اور روڈ ڈائریکٹوریٹس کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ ایک ایک کی بجائے مل کر کام کریں۔ اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اراکین نے کہا ہے کہ ہم عوام کے منتخب اراکین ہیں اور عوام کو ہم سے بہت توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں جن پر پورا اترنے کے لئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اراکین کو سرگرم اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سات ماہ گذرنے کے باوجود ہمیں دفاتر، اختیارات اور فنڈز مہیاء نہیں کئے جا رہے۔ زکوٰة فنڈز کو مرد خواتین ممبران اور چیئرمینوں کے حوالے کر دیا جائے کیونکہ زکوٰة لینے والوں میں 99 فیصد خواتین ہیں۔ اس موقع پر شیخ انصر عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سات ماہ گذر گئے ہیں اور منتخب اراکین مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ ان کے پاس دفاتر اور فنڈز نہیں ہیں جبکہ عوام توقع کر رہی ہے کہ منتخب اراکین ان کے مسائل حل کریں گے۔ سی ڈی اے نے ہمیں 9 ہزار اہلکار فراہم کئے ہیں تاہم ان میں سے ہر ایک اہلکار کی موجودگی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ہمیں کاغذوں کے نام نہیں چاہئے، کاغذوں کے ملازمین برداشت نہیں کریں گے۔