چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی وطن لانے کیلئے ملک بھر سے آواز بلند کی جائیگی‘چوہدری اشرف گوجر

بدھ 27 جولائی 2016 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) جس وقت ہندوستان کے تمام مسلمان قائدین متحدہ ہندوستان کا دستور وضع کرنے کیلئے گول میز کانفرنس کے اجلاسوں میں مصروف عمل تھے عین اس وقت سب سے پہلے خالق اسم پاکستان چوہدری رحمت علی بانی صدر پاکستان نیشنل موؤمنٹ (پی این ایم) نے وفاق ہندوستان کی بنیاد پر آئین سازی کی مخالفت کرتے ہوئے نہایت واضح اور غیر مبہم الفاظ میں ہندوستان کے شمال مغرب میں چار مسلمان اکثریت والے صوبوں اور جموں و کشمیر پر مشتمل ایک علیحدہ، آزاد اور مقتدر اسلامی مملکت پاکستان کے قیام کا علم آزادی ”اب یا کبھی نہیں“ بلند کیا۔

ان خیالات کا اظہار اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے بانی صدر اور پاکستان نیشنل موؤمنٹ(پی این ایم) رجسٹرڈکے مرکزی کنوئینر چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے پی این ایم کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نہایت افسوس اور ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہایت واضح طور پر نظریہ پاکستان اور تصور پاکستان پیش کرنے والی شخصیت کا جسد خاکی آج قیام پاکستان کے 69سال بعد بھی برطانیہ میں کیمبرج کے مسیحی قبرستان میں بطور امانت دفن ہے۔

چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ چوہدری رحمت علی کی قائم کردہ تنظیم ”پاکستان نیشنل موؤمنٹ(پی این ایم)“ کو چوہدری رحمت علی کی تعلیمات کو عام کرنے نیز ان کا جسد خاکی وطن لانے کی جدوجہد کو تیز تر کرنے کیلئے پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں ہر سطح پر منظم کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ملک بھر میں قائم پی این ایم کی تنظیمیں ہر اہم موقع پر چوہدری رحمت علی کی یاد میں تقریبات منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا جسد خاکی وطن لا کر اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے مقام پر دفن کرنے کیلئے منظم طور پر آواز بلند کریں گی ۔

چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ وہ بیرون ممالک میں پاکستانیوں کو چوہدری رحمت علی کی فکر اور جدوجہد سے روشناس کروانے کیلئے بیرون ممالک میں بھی ”پی این ایم“ کی اوورسیز تنظیموں کے قیام کیلئے جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پاکستان نیشنل موؤمنٹ (پی این ایم) کے تنظیمی اجلاس سے ملک احمد خان ٹوانہ، چوہدری سعید احمد گوجر، رانا محمد ریاض، حاجی ملک عالمگیر، امتیاز احمد، چوہدری الطاف حسین، محمد سلیم، خالد رشید، محمد راشد اورچوہدری شوکت نے بھی اظہار خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :