رینجرز کے قانونی اختیارات صرف کراچی تک ہیں۔خورشید شاہ

اندرون سندھ امن وامان کی صورتحال سب سے بہتر ہے،سیاست میں تبدیلی آتی رہتی ہے،پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ کیلئے اپنا امیدوار لاناان کاجمہوری حق ہے،پاناما لیکس ایشو پر حکومت ایک بار پھر مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 جولائی 2016 16:29

رینجرز کے قانونی اختیارات صرف کراچی تک ہیں۔خورشید شاہ

کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2016ء) : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ رینجرز کو قانون کے تحت اختیارات دیے ہیں وہ صرف کراچی کی حد تک ہیں،اندرون سندھ امن وامان کی صورتحال سب سے بہتر ہے،سیاست میں تبدیلی آتی رہتی ہے،عمران خان بھی کہتے ہیں کہ تبدیلی لاؤ۔انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ کیلئے اپنا امیدوار لاناان کاجمہوری حق ہے۔

ایم کیوایم کی بھی اپنی پالیسی ہے سب کا حق ہے کہ امیدوار لانا یا نہیں لانا۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کے سوال پرکہا کہ سیاست میں تبدیلی آتی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو 9سال بعد وسیم اختر کو پکڑنا یاد آگیا۔میرے خیال میں وسیم اختر میئر کے امیدوار رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس ایشو پر حکومت ایک بار پھر مذاکرات کرنا چاہتی ہے۔

آج حکومتی رکن نے رابطہ کیا تھا کہ پھر سے ٹی اوآرز کیلئے کوشش کی جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ بیرسٹر اعتزاز احسن سے بات کریں،وہی اس بارے میں ڈیل کرینگے۔خورشید شاہ نے ذوالفقار کی پھانسی کے واقعے پر کہا کہ اس معاملے پر دفتر خارجہ کنفیوژن کا شکار ہے۔ انڈونیشیاء کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں لیکن حکومت کو ڈیل نہیں کرنا آرہا۔ملک میں وزیرخارجہ ہی نہیں ہے جبکہ وزیراعظم کی طبیعت خراب ہے۔