ترکی میں ناکام فوجی بغاوت پاکستان سمیت سب کے لئے ایک پیغام ہے،برہان کیا ترک

بدھ 27 جولائی 2016 16:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جولائی۔2016ء) پاکستان کے دورے پر آنے والے ترک رکن پارلیمنٹ وسربراہ پاک ترک دوستی گروپ برہان کیا ترک نے کہا ہے کہ ترکی میں ناکام رہنے والی فوجی بغاوت پاکستان سمیت سب کے لئے ایک پیغام ہے جبکہ تبدیلی کی اصلی بنیاد ووٹ ہی ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو دئیے گئے اپنے انٹرویو میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت پاکستان سمیت تمام دنیا کے لئے ایک مثال ہے جبکہ ترک عوام نے فوکی بغاوت کو ناکام بناکر تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام اور حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ہم پاکستان میں بھی جمہوریت کے حامی ہیں۔ برہان کیا ترک نے کہا کہ ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے اصل کردار فتح اللہ گوسن ہی تھے، جن کے افراد پاکستان میں پاک ترک سکول چلارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ترکی کی کبھی خواہش نہیں ہوگی کہ پاکستان میں فوجی بغاوت ہو۔ ترکی ہمیشہ پاکستان اور دنیا بھر میں منتخب افراد کی ہی حمایت کرے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاک ترک سکولزکے بارے میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے ہی فیصلہ کرنا ہے۔ غالباً پاکستان ان افراد کے ساتھ مزید نہیں چلے گا۔ برہان کیا ترک نے کہا کہ طیب اردگان ترکی کے منتخب اور مقبول عوامی صدر ہیں تاہم ان کے بعض مخالفین ان پر خودکش حملہ کرکے ترکی میں خانہ جنگی کی فضا قائم کرنے کی کوشش کریں گے مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہونگے۔