چین کے سرمایہ کاروں کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار

بدھ 27 جولائی 2016 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) چین کے سرمایہ کاروں کے ایک 11رکنی وفد نے شاڈانگ جینان بولینٹے ریلوے کمپنی کے چیئرمین جناب ژانگ گولیانگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں کاروباری شراکتیں ، سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وفد میں ریلوے کا سامان، گلاس، مشینری، بجلی کا سامان اور تعمیراتی مشینری تیار کرنے والی کمپنیوں سمیت تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں کے نمائندگان شامل تھے۔ وفد کے ممبران نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے نے چین کے سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی کافی بڑھا دی ہے اور ان کے موجودہ دورے کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور بزنس پارٹنرشپ قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ چین میں اپنی اقتصادی صلاحیت کو بہتر طور پر اجاگر کرنے کی کوشش کرے تا کہ چین کی مزید کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچ کر انہیں یہ احساس ہوا کہ پاکستان کی معیشت اب کافی بہتر ہو گئی ہے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے موجودہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی، انفراسٹریکچر کی ترقی، معدنیات، تیل و گیس کی تلاش، جیمز اینڈ جیولری، ماربل، پولٹری، ادویات سازی، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت پاکستان کے دیگر شعبوں میں چین کے سرمایہ کاروں کیلئے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کی معیشت کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان اور مقبولیت ملے گی لہذا ضرورت اس بات کی ہے کی اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے چین کی مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر غور کریں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چین کی کمپنیوں کو چین پاکستان راہداری منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے ہرممکن تعاون پیش کرے گا تا کہ دوستی کے اس تاریخی منصوبے کو مکمل کر کے اس کے ثمرات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے۔دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین کی تاجر برادری کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے کیلئے براہ راست ملاقاتوں اور بی ٹو بی میٹنگز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :