پاک چین اقتصادی راہداری اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے کاروبار کی نئی راہیں کھلیں گی، حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں، بہتر اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی ادار وں نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی درجہ بندی میں شامل کیا،م حکومت تاجر برادری کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے وسائل بروئے کار لا رہی ہے

صدرمملکت ممنون حسین کی تاجروں کے وفدسے گفتگو

بدھ 27 جولائی 2016 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے کاروبار کی نئی راہیں کھلیں گی اور روز گار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات عاطف اکرام شیخ کی سربراہی میں اسلام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ایوان صدر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہتر اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی ادار وں نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی مارکیٹ کی درجہ بندی میں شامل کیاہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کاروبار ی اور تاجر برادری کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے چیمبر کے وفد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک میں عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے تاجروں کو ایوارڈ سینوازیں تاکہ ان میں زیادہ سے زیادہ مقابلے کا رحجان پیدا ہو۔ صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری طبقہ کے مسائل کے حل کے لیے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری اور تاجر برادری کو اپنے مجوزہ ٹیکس دینے چاہیں تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے صدر مملکت ممنون حسین کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ انھوں نے حکومتی اقتصادی پالیسوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کوحکومت سے رابطے میں ہیں۔