اپوزیشن کی نااہلی کی وجہ سے نواز شریف پانامہ لیکس سے بچ گئے ہیں،شیخ رشید

بدھ 27 جولائی 2016 15:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی نااہلی کی وجہ سے نواز شریف پانامہ لیکس سے بچ گئے ہیں،عمران خان ساری زندگی دھاندلی کے خلاف تحریک نہیں چلائیں گے اب عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا،نواز حکومت پانامہ لیکس سے اب نہیں بچ سکتی اور جمہوریت کو خطرہ فوج سے نہیں نواز شریف حکومت سے ہے،عوامی مسلم لیگ13 اگست کو حکومت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالے گی۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ساری زندگی دھاندلی کیخلاف تحریک نہیں چلائیں گے،ملک کے بچانے کیلئے لوگوں کو سڑکوں پر آنا ہوگا اور عوامی مسلم لیگ کا حکومت کیخلاف احتجاج میں پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز حکومت پانامہ لیکس سے نہیں بچ سکتی،جمہوریت کو خطرہ صرف نواز حکومت سے ہے،ملک میں آنے والے اگلے 90دن بہت اہم ہیں تاہم اگلے 70روز میں ملک کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

شیخ رشید نے کہاکہ عوامی مسلم لیگ 13اگست کو احتجاج شروع کرے گی،سندھ کا فیصلہ کرنے والے بیرون ملک بیٹھے ہیں اورپاکستان میں اب شفاف انتخابات ممکن نہیں ہیںِ،پانامہ لیکس اور کرپشن کرنیوالوں نے پاکستان میں چوری کا بازار گرم کررکھا ہے،سندھ حکومت پرانے چیسز میں کنیڈین کٹ لگا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایم کیو ایم کا رہنما میئرنہیں بن سکتا لیکن امریکا میں کنڈیکٹر کا بیٹا میئربن جاتا ہے۔