ایران کی پاکستان کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

بدھ 27 جولائی 2016 15:22

تہران /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) ایران نے پاکستان کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی‘ دونوں ملکوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کے بروقت تبادلے‘ فوجی حکام کی ملاقاتوں ‘ سرحد پر مزید کراسنگ پوائنٹس‘ چیک پوسٹیں اور گیٹس کی تعمیر‘ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل اور قومی سلامتی کے مشیران کا اجلاس متواتر منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کے دورہ ایران میں ایرانی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شام خانی سے مذاکرات کے دونوں دور کامیاب رہے۔ مشیر قومی سلامتی نے ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمان فصلی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت الله خامنہ ای کے مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات علی اکبر ولایتی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ایران کی طرف سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ مشیر قومی سلامتی امور اور علی شام خانی کے درمیان مذاکرات میں پاکستان اور ایران کے انٹیلی جنس سربراہ کی اہم ملاقات کے لئے بھی راہ ہموار ہوگئی۔ دونوں ملکوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کے بروقت تبادلے‘ فوجی حکام کی ملاقاتوں اور داعش سمیت دہشت گردی کے ہر خطرے سے نمٹنے کے لئے قریبی مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔

ایرانی حکام کی طرف سے واضح کیا گیا کہ کسی تیسرے ملک کی پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مذاکرات میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ سرحدی ورکنگ گروپ کو مستحکم‘ سرحدی انتظام کو بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ سرحد پر مزید کراسنگ پوائنٹس‘ چیک پوسٹیں اور گیٹس کی تعمیر پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مذاکرات میں طے کیا گیا کہ اقتصادی و معاشی تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ افغان سرزمین پر قیام امن کے لئے مشترکہ کاوشوں پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ پاک ایران اور افغان سہ فریقی فورم کی بحالی کی بھی تجویز دی گئی۔ مذاکرات میں قومی سلامتی مشیران کا اجلاس متواتر منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :