مکمل امن ہونے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے تک رینجرز کو کراچی ہی میں رکھا جائے ‘عابد شیر علی

بدھ 27 جولائی 2016 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے رینجرز کا کردار انتہائی اہم رہا ہے ‘مکمل امن ہونے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے تک رینجرز کو کراچی ہی میں رکھا جائے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن رینجرز کی وجہ سے ہی بحال ہوا ہے اسلیے ان کا یہاں رہنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہمارے کچھ ہمسائیہ ممالک بلکہ بہت سی دیگر طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں لہٰذا ہمیں اپنی فوج اور دیگر اداروں کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے بلکہ انہیں مضبوط کرنا چاہیے، گذشتہ روز کراچی میں ہمارے فوجی جوانوں پر ہونے والے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کراچی جو کہ ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے میں دن دیہاڑے ایسا واقعہ ہو جانا نہایت افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بہت سے عناصر کراچی سمیت ملک بھر کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اسلئے ضروری ہے کہ کراچی میں مکمل امن تک رینجرز کو یہاں رکھا جائے ‘ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے میں پوری قوم پاکستانی فوج کے ساتھ ہے‘ کراچی واحد شہر ہے جہاں رینجرز کے اختیارات کو ہر بار متنازعہ بنا دیا جاتا ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ پاکستانی عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو انکی خدمت کیلئے 2018ء تک کا مینڈیٹ دیا ہے ‘ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیکر ہماری قیادت کی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ‘ ہم عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر سے بہتر بنائیں گے تاکہ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام کے سامنے سرخرو ہو کر جائیں۔