گھوٹکی میں قرآن پاک نذر آتش ‘احتجاج میں زخمی ہونیوالا ہندو چل بسا

پولیس اور قانو ن نافذ کر نے والے اہلکاروں کے چھاپے ‘ کشیدگی پھیلانے کے الزام 150افراد گرفتار

بدھ 27 جولائی 2016 14:42

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) ضلع گھوٹکی میں ایک ہندو کی جانب سے قرآن پاک کے نسخے کو مبینہ طور پر نذر آتش کرنے کے بعد مشتعل افراد کے احتجاج کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہونے والے مقامی ہندو تاجر دیوان ستیش کمار دم توڑ گیا۔ گذشتہ روز گھوٹکی کے علاقے ڈہرکی کے ایک گاوٴں مہراب سمیجو کی مقامی مسجد میں داخل ہوکر قرآن پاک کے نسخے کو نذرِ آتش کرنے کے الزام میں ایک ہندو امر لعل کو گرفتار کیا گیا تھا۔

واقعہ کی خبر ملتے ہی گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو اور ڈہرکی سیمت دیگر علاقوں کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور نیشنل ہائی وے کو 6 گھنٹے تک بلاک رکھااس موقع پر مظاہرین نے ملزم کی گرفتاری، اس کے خلاف مقدمے کے اندراج اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

مشتعل عوام نے سڑکوں پر ٹائر جلائے ‘ہندووٴں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد کو پر امن کرنے کیلئے آنے والے ایس ایس پی سکھر امجد شیخ کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا ‘کشیدگی میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا تھاتاکہ امن و امان کی بگڑتی صورت حال کو کنٹرول کیا جاسکے۔

عوام کے شدید احتجاج اور ضلع بھر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے بعد پولیس نے ملزم امر لعل کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف ڈہرکی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیاتاہم مشتعل افراد کے احتجاج کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہونے والا ہندو تاجر بدھ کو دم توڑگیادوسری جانب مقامی ہندووٴں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم امر لعل کا ذہنی توازن درست نہیں، وہ منشیات کا عادی ہے، جس نے کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کرلیا تھا ۔

ضلع گھوٹکی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مقصود احمد بنگش نے بھی تصدیق کی کہ گھوٹکی میں قرآن پاک کو مبینہ طور پر نذرِ آتش کرنے کے واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے دوران زخمی ہونے والا ایک مقامی ہندو تاجر ہلاک ہوگیا۔صورتحال کو کنٹرول کر نے کیلئے پولیس اور قانون نافذکرنے والے اہلکاروں نے رات کو چھاپوں کے دوران ضلع میں کشیدگی پھیلانے کے الزام میں 150 افراد کو گرفتار کرلیا ‘واقعہ کے بعد سے ڈہرکی، گھوٹکی، میرپور ماتھیلو اور خان پور مہر میں صورتحال کشیدہ اور کاروبارِ زندگی معطل رہا۔مقامی مذہبی جماعتوں نے ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :