پاکستان بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بامعنی ‘ نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتا ہے ‘سرتاج عزیز

بدھ 27 جولائی 2016 14:36

وینٹیانے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر بامعنی ‘نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتا ہے۔ایشیائی ملک لاوٴس کے دارالحکومت وینٹیانے میں آسیان ریجنل فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان ‘بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے اور ہم پڑوسی ملک کے ساتھ بامعنی ‘نتیجہ خیز اور جامع مذاکرات چاہتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے عالمی برادری سے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان، افغانستان مصالحتی عمل اور افغانستان میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔دہشت گردی کے حوالے سے سرتاج عزیز نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے تمام گروہوں کے خاتمے کے لیے آپریشن ’ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ‘ملک سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بھی جامع نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :