برطانوی خاتون کا قتل ‘ والدین ‘ سابق شوہر سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج

بدھ 27 جولائی 2016 14:34

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) پاکستانی نژاد برطانوی خاتون سامعہ شاہد کو جہلم کے ایک گاوٴں ڈھوک پندوری میں مبینہ طور پر قتل کرنے کے جرم میں ان کے والدین ‘سابق شوہر اور دیگر 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق28 سالہ سامعہ شاہد کے شوہر سید مختار کاظم نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کو ان کے خاندان والوں نے اپنی پسند سے شادی کرنے پر نام نہاد غیرت کے نام پر قتل کیا۔

(جاری ہے)

مختار کاظم نے رواں ماہ 23 جولائی کو سامعہ کے والد چوہدری شاہد، والدہ امتیاز بی بی، بہن مدیحہ شاہد، کزن مبین اور خاتون کے سابق شوہر چوہدری شکیل کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 اور 109 کے تحت ایف آئی آر درج کروائی تھی ‘سامعہ کی موت کی رپورٹ ان کے والد نے 20 جولائی کو منگلہ پولیس کے پاس درج کروائی تھی۔دوسری جانب مقدمے میں نامزد ملزمان نے سامعہ کے قتل کے الزامات سے انکار کرتے ہوئے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا ‘پولیس نے خاتون کے والد کو کچھ دیر کیلئے حراست میں لیا اور بعدازاں ابتدائی تفتیش کے بعد انھیں چھوڑ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :