کاشتکار ملک کی معاشی ترقی میں نہایت اہم مقام رکھتے ہیں‘ڈی سی او خانیوال

بدھ 27 جولائی 2016 14:04

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) ڈی سی او زید بن مقصود نے کہا ہے کہ کاشتکار ملک کی معاشی ترقی میں نہایت اہم مقام رکھتے ہیں کاشتکاروں کو خوشحال کیے بغیر اور ان کے مسائل حل کیے بغیر ہم ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل نہیں ہو سکتے ۔حکومت پنجاب چھوٹے کاشتکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔

جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویہ ‘ کھادیں فروخت کرنے والے نا صرف کسان دشمن ہیں بلکہ ملک کے ساتھ بھی دشمنی کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔محکمہ زراعت غیر معیاری زرعی ادویات ‘ کھادیں فروخت کرنے والی کالی بھیڑوں کے گرد گھیر ا تنگ کر ے اور کاروائی کے دوران کسی قسم کا دباؤ خاطر میں نا لا یا جائے ۔انہو ں نے یہ بات ایگری کلچر سب کمیٹی ٹاسک فورس اور ڈسٹرکٹ ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ای ڈی او زراعت رانا احمد منیر‘ محکمہ زراعت ‘ ایری گیشن ‘ پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت کھاد ‘پیسٹی سائیڈ ڈیلر ز ‘ کاشتکاروں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ ڈی سی او نے اجلاس میں ہدایت کی کہ جعلی اور غیر معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کے فروخت کے زیر التوا کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے ۔ڈی سی او نے کہا کہ محکمہ زراعت کے ایگری کلچر انسپکٹر جعلی زرعی ادویہ ‘کھادوں کے مکروہ دھندوں میں ملوث مافیا کے خلاف کسی قسم کا دباؤ خاطر میں نا لائیں ۔

کاشتکار اپنے مسائل کے بارے میں براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں میرے دفتر کے دروازے ہر وقت ان کے لیے کھلے ہیں ۔اجلاس میں ڈی سی او کو رواں سال کے دوران جعلی غیر معیاری ادویہ ‘ کھادوں کی فروخت کے خلاف کیے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں ڈی سی او کو مزید بتایا گیا کہ محکمہ زراعت توسیع ضلع خانیوال کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے 24گھنٹے سرگرم عمل ہے ۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ٹریکٹرز ‘ لینڈ لیزر لیولرز و دیگر زرعی آلات سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ اس کے علاوہ کھادوں اور دالوں کے بیج کی بھی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ عوام میں کچن گارڈننگ کے فروغ کے لیے بھرپور مہم چلائی جا ئے ۔

متعلقہ عنوان :