ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں‘نواز شریف

بدھ 27 جولائی 2016 13:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)کے نو منتخب ارکان کوکامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آزاد کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی، شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہئے ‘ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں ‘ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے ‘ پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تائید وحمایت کرتا رہیگا ‘ گزشتہ پانچ سال میں آزاد کشمیر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، ہماری حکومت کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھائیگی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے بدھ کو آزادجموں وکشمیر کے نو منتخب ارکان اسمبلی سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقا ت کی جس میں تمام کامیاب کشمیری پارلیمنٹرینز،سینیٹ میں لیڈر آف ہاؤس راجہ محمد ظفر الحق، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر برائے امور کشمیر چودھری محمد برجیس طاہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام نو منتخب اراکین کو آزاد جموں وکشمیر کے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور انتخابات میں ان کی محنت اور سیاسی جستجو کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے کہا کہ جس کامیابی سے انہوں نے انتخابی مہم چلائی وہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اراکین سے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خود ارادیت کی تائید وحمایت کرتا رہیگا، وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ان کا بنیادی حق ہے اور پاکستان اپنے بھائیوں کے اس حق کو بین الاقوامی سطح پر ہر فورم پر اٹھائے گا۔

وزیراعظم نے موجود اراکین سے کہا کہ ان کو بھی دن رات اسی کاوش میں رہنا چاہیے کہ وہ اپناے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی ہر لحاظ سے حمایت اور مدد کرسکیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے اراکین سے کہا کہ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی، شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہئے اور اس لئے ایک ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ کشمیر کی تاریخ میں ہماری اس حکومت کا دور ترقیاتی دور کی حیثیت سے یاد رکھا جائے، وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ درحقیقت ترقی کا مینڈیٹ ہے اور اس خاطر ہم نئی حکومت کی بھرپور مدد کرینگے، وزیراعظم نے کہا کہ نئی حکومت کی اولین ترجیح انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوگا، وزیراعظم نے اراکین سے کہا کہ کشمیر عوام کو آپ کی طرز حکومت میں ایک مثبت تبدیلی نمایاں طور پر نظر آنی چاہئے۔

نو منتخب موجوداراکین نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو کہا کہ کشمیری عوام ان کو اپناا حقیقی لیڈر مانتے ہیں اور درحقیقت عام انتخابات میں شاندار کامیابی وزیراعظم کے ترقی یافتہ ایجنڈے کی تائید اور احتجاجی سیاست کی تردید ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اترینگے اور بلا امتیاز کشمیری بھائیوں کی فلاح وبہبود کیلئے دن رات وقف کردینگے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں جو معیار رکھا گیا ہے اسے آزاد کشمیر میں بھی برقرار رکھا جائیگا، آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اسی تیزی اور توانائی سے کام لیا جائیگا جس یزی سے پاکستان میں کیا جارہا ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال میں آزاد کشمیر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، ہماری حکومت کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھائیگی تاکہ آمدورفت آسان ہو۔

متعلقہ عنوان :