وزیر اعظم نواز شریف کی آزاد کشمیر کے نو منتخب اراکین سے وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جولائی 2016 13:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 جولائی2016ء) :وزیراعظم محمد نواز شریف نے آج آزاد جموں وکشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی سے وزیراعظم ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تمام کامیاب کشمیری پارلیمنٹرینز سینیٹ میں لیڈر آف ہاﺅس راجہ محمدظفر الحق، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وزیرخزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان ، وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید، وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق ، وزیر برائے امور کشمیر چودھری محمدبرجیس طاہر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امورڈاکٹر آصف کرمانی شرکت کی۔

وزیراعظم محمدنواز شریف تمام نو منتخب اراکین کو آزاد جموں وکشمیر کے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور انتخابات میں ان کی محنت اور سیاسی جستجو کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ جس کامیابی سے انہوں نے انتخابی چلائی وہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے اراکین سے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزاد فضاﺅں میں زندگی بسر کرتے ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور پاکستان اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہمیشہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خودار ادیت کی تائیدوحمایت کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیریوں کاحق خودار ادیت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ان کی بنیادی حق ہے اور پاکستان اپنے بھائیوں کے اس حق کو بین الاقوامی سطح کے ہرفورم پراٹھائے گا۔

وزیراعظم نے موجوداراکین سے کہا کہ ان کو بھی دن رات اسی کاوش میں رہنا چاہیے کہ وہ اپنے مقبوضہ کشمیر بھائیوں کی ہر لحاظ سے حمایت اور مدد کرسکیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے اراکین سے کہا کہ کشمیر کی نئی حکومت کو اداروں کی مضبوطی ،شفاف اور کرپشن سے پاک اور میرٹ پرمبنی نظام حکمرانی یقینی بنانا چاہیے اور اس لئے ایک ایماندار اور قابل کا بینہ تشکیل دینا ضروری ہے تاکہ کشمیرکی تاریخ میں ہماری اس حکومت کا دور” ترقیاتی دور“ کی حیثیت سے یاد رکھا جائے وزیراعظم نے مزید کہا کہ نئی حکومت کی اوالین ترجیح انفراسٹر کچر، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے اراکین سے کہا کہ کشمیری عوام کو آپ کی طرز حکومت میں ایک مثبت تبدیلی نمایاں طور پر نظرآنی چاہیے۔ نو منتخب موجوداراکین نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو کہا کہ کشمیری کی عوام ان کواپنا حقیقی لیڈر مانتے ہیں اور درحقیقت عام انتخابات میں شاندار کامیابی وزیراعظم کے ترقی یافتہ ایجنڈا کی تائیداور احتجاجی سیاست کی تردید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیاہے کہ ہم سب اس پر پورا اتریں گے اور بلاامتیاز کشمیری بھائیوں کی فلاح وبہیود کیلئے دن رات وقف کردیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں جومعیار رکھا گیا ہے اسے آزاد کشمیر بھی برقرار رکھا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اسی تیزی اور توانائی سے کام کیاجائے گا جس تیزی سے پاکستان میں کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں آزاد کشمیر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا۔ ہماری حکومت کشمیر میں سڑکوں کا جال بچھائے گی تاکہ آمدورفت آسان ہو۔